کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے: گورنر پنجاب
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وہ فیصل آباد میں صوبے کے دوسرے نالج سٹی کے قیام کیلئے حکومت پنجاب سے بھرپور سفارش کریں گے جس کے ذریعے شہر کے تمام تعلیمی و تحقیقی اداروں کو ایک پلیٹ فارم کے ذریعے آگے بڑھنے اور عالمی سطح پر اپنے پیشہ وارانہ نیٹ ورک کو مضبوط کرنے کے مواقع ملیں گے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو سینٹ ہال میں یونیورسٹی سینٹ کے 43ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی ساری معیشت زراعت کے گرد گھومتی ہے لہٰذا اس کی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور کسان کی معاشی حالت میں بہتری کیلئے حکومت پنجاب سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جس سے دیہی ترقی جلد وقوع پذیر ہوگی۔ یونیورسٹی ماہرین کی طرف سے چھوٹے قد اور مختصر دورانیہ کی کاٹن ورائٹی کی دریافت پر ہونیوالی پیش رفت کو سراہتے ہوئے گورنر پنجاب نے اُمید ظاہر کی کہ سیڈ ایکٹ کی منظوری سے بہترکوالٹی کے کاٹن سیڈ اور ٹیکنالوجی فروغ پائے گی۔ انہوں نے فیصل آباد ریسرچ فورم کے قیام کو سراہتے ہوئے کمشنر فیصل آباد مومن آغاکی تجویز پر فیصل آباد میں لائل پور نالج پارک کے مجوزہ منصوبے سے اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کااظہار کیا کہ وہ حکومتی سطح پر اس کی منظوری اور فنڈنگ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے شہروں کی نئی جامعات کی طرف سے نوجوان اساتذہ کیلئے پرکشش مراعاتی پیکیج کی وجہ سے پرانی یونیورسٹیوں سے باصلاحیت اساتذہ کی تعداد کم ہورہی ہے لہٰذا اس اہم چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے ضروری اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ قبل ازیں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ پور ے ملک سے دیہاتی پس منظر اور کم وسائل کے حامل ہزاروں طلباءو طالبات 70کروڑ روپے کے سالانہ وظائف دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی قیادت میں ماہرین کی ٹیم حکومت پنجاب کیلئے نئی زرعی پالیسی کی تیاری میں مصروف ہے اوروہ اُمید رکھتے ہیں کہ نئی پالیسی دیرپا زرعی ترقی کے ساتھ ساتھ کسان کی معاشی حالت میں بہتری اور دیہی ترقی کی بنیاد بنے گی۔ زرعی یونیورسٹی ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جو مختلف رینکنگ ایجنسیوں کی سبجیکٹ کیٹیگری میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ٹریژرعمر سعید قادری نے سال 2016-17ءکیلئے 8.638ارب روپے کا بجٹ پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔