بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی‘ کنٹرول لائن پر توپخانہ کے استعمال کیخلاف احتجاج
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) خارجہ سیکرٹری اعزاز چوہدری نے جمعرات کے روز بھارت کے ہائی کمشنر گوتم بمباوالہ کو دفتر خارجہ طلب کر کے ورکنگ باﺅنڈری اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور توپخانہ کے استعمال کی شدید مذمت کی، احتجاج کرتے ہوئے کہا گزشتہ دو ماہ سے بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر واقع دیہات اور قصبوں کو دانستہ نشانہ بنانے کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس کے نتیجہ میں اب تک 26 شہری شہید ہو چکے ہیں اور 107 زخمی ہو چکے ہیں۔ بھارت کی سکیورٹی فورسز کی یہ جارحیت، جنگ بندی معاہدہ اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے 9 نومبر کو شاہکوٹ اور جوڑا سیکٹروں میں بھارت کی طرف سے توپخانہ کی گولہ باری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کنٹرول لائن پر 13 برس بعد توپخانہ استعمال کیا گیا جو اس بات کا ثبوت ہے بھارت، علاقائی امن و سلامتی کو پس پشت ڈالتے ہوئے کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو کنٹرول لائن تک رسائی کی تمام سہولیات فراہم کر رہا ہے، بھارت بھی انہیں کنٹرول لائن تک جانے کی اجازت دے تاکہ وہ اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے مطابق کنٹرول لائن پر امن برقرار رکھنے مٰن کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے مطالبہ کیا بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائے اور جنگ بندی معاہدہ پر اس کی روح کے مطابق عمل کرے۔
بھارتی ہائی کمشنر/ طلبی