آزاد کشمیر حکومت کے منشور پر عملدرآمد میں مالی بحران بڑی رکاوٹ ہے: سردار مسعود
اسلام آباد(اے این این) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، مالیاتی بحران، پاک چین اقتصادی راہداری کی آزاد کشمیر تک توسیع سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدرسردار محمد مسعود خان نے وفاقی وزیرکو بتایا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد کشمیر حکومت اپنے منشور پر عملدرآباد کے لیے پر عزم ہے لیکن اس سلسلے میں مالی بحران سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس وقت حکومت کو ساڑھے 22ارب روپے کے مالیاتی خسارے کا سامنا ہے۔ مالیاتی بحران اس قدر شدید ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے چیک بھی باؤنس ہو جاتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سی پیک کو آسانی سے مظفرآباد اور میرپور کے ساتھ منسلک کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ مری سے کوہالہ تک ایکسپریس وے کی توسیع بھی اس سلسلے کی اہم کڑی ہو سکتی ہے۔ ہمیں اقتصادی اور معاشی طور پر آزاد کشمیر کو ترقی دے کر مقبوضہ کشمیر سے بہتر بنانا ہوگا۔ آزاد کشمیر میں تعلیم و صحت، سیروسیاحت، توانائی اور مواصلات کے شعبوں پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان ہر محاذ پر سرگرم ہے۔ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں کو اعلی تعلیمی کمیشن کے تعاون سے بہتر بنائیں گے۔ میڈیکل کالجز کے معاملات کو بھی ٹھیک کیا جائے۔ ریاست میں سرمایہ کاروں کو لیز پر زمین دی جائے تاکہ وہ ٹورازم کے فروغ کے لیے ہوٹل اور موٹل بنا سکیں۔ ہائیڈرو پاور ریاست کا سب سے بڑا ذریعہ آمدن ہوگا۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ وہ حکومت آزاد کشمیر کو مالی بحران پر قابوپانے اور تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔