پاکستان : 10 برس میں غربت آدھی رہ گئی‘ معیشت بحال ہو رہی ہے : ورلڈ بینک‘ کشن کنگا پر غیر جانبدار ماہر مقرر کرنیکا اعلان
کراچی (اے ایف پی) عالمی بنک نے کہا ہے کہ پاکستان میں غربت میں کمی آئی اور معاشی ترقی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ ورلڈ بنک نے اپنی نئی رپورٹ میں 2018تک پاکستان میں شرح نمو 5.4تک بڑھنے کی پیش گوئی کر دی ہے۔ ملک میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں اربوں کی چینی سرمایہ کاری کے باعث پاکستان اقتصادی ترقی کر رہا ہے۔ تحریک طالبان کے حملوں کے آغاز کے بعد پاکستان کی معیشت متاثر تھی۔ بجلی کے شدید بحران کے باعث انڈسٹری بری طرح متاثر تھی۔ معیشت اب بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کی دوسری بڑی معیشت میں اعتماد بڑھ رہا ہے۔ سکیورٹی بہتر ہوئی ہے۔ اکتوبر میں آئی ایم ایف نے کہا ہے آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کے بعد ملک معاشی بحران سے نکل گیا ہے۔ جون 2016 میں ختم ہونیوالے مالی سال میں پاکستان کی شرح نمو 4.7فیصد رہی۔ رواں مالی سال وزیر اعظم نواز شریف اسے 5.7فیصد تک لے جانے کےلئے پرعزم ہیں۔ مالی سال 2018میں پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 5.4فیصد رہے گی۔ پاکستان میں غربت کی شرح 2002 کی 64.3سے کم ہو کر 2014ءمیں 29.5فیصد ہو گئی ہے‘ ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلانگو یاچاموتو نے کہا ملک کو مزید سٹرکچرل اصلاحات کی ضرورت ہے، برآمدات کے حوالے سے مقابلے کی کمی ہے، برآمدکنندگان میں مقابلہ بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔ صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے ورلڈ بنک تعاون کیلئے تیار ہے۔
نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) عالمی بنک نے کشن گنگا ڈیم تنازع پر غیر جانبدار ماہر کا تقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔ عالمی بنک کے مطابق پاکستان اور بھارت کو تین ممکنہ ماہرین کے نام تجویز کر دیئے۔ دونوں ممالک کو کسی ایک ماہر کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بہتر ہو گا کہ عدالت کی بجائے ثالث کے ذریعے معاملہ حل کیا جائے۔
کشن گنگا / ماہر