عشرت العباد باضابطہ مستعفی‘ سعید الزمان صدیقی آج حلف اٹھائیں گے
کراچی (وقائع نگار) 14 سال تک گورنر سندھ رہنے کے بعد ڈاکٹر عشرت العباد خان جمعرات کو باضابطہ طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے اسٹیٹ گیسٹ ہاﺅس کراچی میں صدر مملکت ممنون حسین کو اپنا استعفیٰ پیش کیا او ران سے الوداعی ملاقات کی۔ اس سے قبل ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت اہم سیاسی و سرکاری شخصیات ، افسران ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات ،صحافیوں نے الوداعی ملاقات کی۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اب زیادہ وقت بچوں کو دوں گا اور ایک کتاب لکھوں گا جس کا ٹائٹل ہوگا ”وہ جو میں نہ کہہ سکا“ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر رہے گا کہ اللہ تعالیفٰ نے مجھے 14سال تک اس گھر میں رہنے کا اعزاز بخشا جہاں قائداعظم محمد علی جناح نے قیام کیا۔ بانی پاکستان کی قیام گاہ میں ریکارڈ مدت تک بطور گورنر رہائش پذیر رہنا میرے لئے بڑا اعزاز ہے۔ قبل ازیں گورنر ہاﺅس کے اسٹاف‘ افسران و ملازمین نے بھی ان سے الوداعی ملاقات کی اور بعض ملازمین ان سے ملتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صحافیوں کے سوالات پر کہا کہ میں نے 14سال کا عرصہ مسلسل کام کرکے بھرپور مصروفیت سے گزارا ہے اپنے کام اور ذمہ داری سے مطمئن ہوں وفاق کے فیصلے کو قبول کرتاہوں۔ نئے گورنر سندھ جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی کی تقریب حلف برداری ایک دن کےلئے موخر ہوگئی جمعرات کی شب حلف برداری کا پروگرام تبدیل کردیا گیااب حلف برداری کی تقریب آج (جمعہ) کو گورنر ہاﺅس کراچی میں ہوگی۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نئے گورنر سے حلف لیںگے۔
گورنر سندھ استعفیٰ