جونیئر ہاکی ورلڈ کپ، پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کے پاسپورٹ بھارتی ہائی کمشن میں جمع کرا دئیے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اگلے ماہ بھارت میں منعقد ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنےوالی پاکستان جونیئر ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ویزوں کے حصول کےلیے پاسپورٹ بھارتی ہائی کمشن میں جمع کرا دیئے ہیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کی بھارت روانگی کے حوالے سے حکومت سے بھی این او سی حاصل کرنے کےلیے درخواست جمع کرا رکھی ہے۔جونیئر ہاکی ٹیم کے منیجر بریگیڈئر (ر) مختار فارانی نے بتایا کہ سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے روانگی سے قبل ممکنہ کھلاڑیوں کے پاسپورٹ کی کاپیاں بھارتی ہائی کمیشن میں جمع کرا دی تھیں تاہم ملائیشیا سے واپسی پر کھلاڑیوں کے پاسپورٹ ویزوں کے حصول کے لیے جمع کرائے گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے 26 ممکنہ کھلاڑیوں کو کل بروز ہفتہ لاہور کے جوہر ہاکی سٹیڈیم میں ہیڈ کوچ طاہر زمان کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں علی رضا، منیب الرحمان، حافظ علی عمیر گول کیپرز، عاطف مشتاق، حسن انور، مبشر علی اور زاہد اﷲ فل بیکس۔ ابوبکر محمود، فیضان، جنید کمال، ایم عثمان، تعظیم الحسن، ایم عدنان اور عماد شکیل بٹ ہاف بیکس جبکہ شان ارشاد، اظفر یعقوب، ایم دلبر، ایم عتیق ارشد، بلال قادر، محسن صابر، رانا سہیل ریاض، سمیع اﷲ، ایم رضوان، ایم نوید، فہد اﷲ خان اور عمر حامدی شامل ہیں۔