پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان پریکٹس میچ آج سے شروع‘ کیویز کو ہرانا مشکل ضرور ناممکن نہیں : اسد شفیق
لاہور (نمائندہ سپورٹس + سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان تین روزہ ٹور میچ آج سے شروع ہوگا، پہلے ٹیسٹ کے ممکنہ کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے گا، بیٹنگ لائن اپ میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں،یاسر شاہ خاص طور پر میزبان ٹیم مینجمنٹ کی توجہ کا مرکز رہیں گے، پاکستانی ٹیم نے موسم خوشگوارہونے پر تین گھنٹے پریکٹس کی، فزیکل فٹنس، فیلڈنگ، بیٹنگ اورباﺅلنگ پر خاص توجہ دی گئی۔نیوزی لینڈ نے آخری لمحات میں اے ٹیم میں مزید2 کھلاڑیوں کوشامل کردیا، کائل جیمیسن اور لیوک ووڈ کاک کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان ٹیم کے بلے باز اسد شفیق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کو اس سرزمین پر ہرانا مشکل ضرور لیکن ناممکن نہیں ہے، میزبان ٹیم سے خوف زدہ نہیں ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں، کیویز ٹیم کیخلاف کامیابی کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ نیوزی لینڈ ورلڈ کلاس ٹیم ہے اسے ہوم گراﺅنڈ پر شکست دینا چیلنجنگ ضرور ہے لیکن نا ممکن نہیں، کھلاڑی اگر گیم پلان کے مطابق کھیلے تو ہم اسے شکست دے سکتے ہیں، ہمارے پاس بھی کوالٹی باﺅلرز موجود ہیں جو حریف بلے بازوں کو مشکلات میں ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم مقصد کے حصول کیلئے انہیں اعتماد کے ساتھ باﺅلنگ کرانی ہو گی۔ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں اور کیویز کے خلاف اپنی ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کرینگے۔