پاکستان سپر لیگ کے تمام فیصلے بورڈ آف ڈائریکٹرز کرینگے‘ نئے موجودہ سٹاف کا فیصلہ دوسرے ایڈیشن کے بعد ہو گا
لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے آئندہ تمام فیصلے بورڈ آف ڈائریکٹرز کریں گے۔ ورکنگ ماڈل کیا ہو گا، نیا دفتر کہاں قائم کیا جائیگا، نیا سٹاف کب اور کتنا رکھا جائیگا، تمام اہم معاملات پر فیصلے آئندہ برس پی ایس ایل ٹو کے بعد ہی ہونگے۔ کمپنی کی رجسٹریشن اور قوانین کی تیاری میں تین چار ماہ یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔انتظامیہ غور کر رہی ہے کہ سیکر ٹریٹ الگ قائم کیا جائے یا پھر موجودہ جگہ پر ہی کام جاری رکھا جائے۔ نئے دفتر کے قیام کے معاملے پر حکام قذافی سٹیڈیم کے ایف سی کالج اینڈ پر زیر تعمیر حصے کے دورے کر چکے ہیں۔ اسی جگہ نیا میڈیا سنٹر بھی قائم کیا جائیگا۔ ایف سی کالج اینڈ والی زیر تعمیر عمارت میں پاکستان سپر لیگ حکام جگہ کا معائنہ کر چکے ہیں۔پی ایس ایل دوسرے ایڈیشن کے بعد آزاد اور خود مختار انداز میں کام شروع کریگی۔ موجودہ سٹاف اور نئے سٹاف کی کے بارے بھی فیصلہ کیا جائیگا۔ پانچ ڈائریکٹرز میں سے نجم سیٹھی، شکیل شیخ اور منصور مسعود کا تعلق کرکٹ بورڈ جبکہ نجی سیکٹر سے عارف حبیب اور ضیاء رضوی کو شامل کیا گیا ہے۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور فنانشل آفیسر نان ووٹنگ اراکین کے طور پر موجود ہونگے۔ بورڈ میں سے تین ڈائریکٹر رکھنے کا مقصد اہم معاملات میں بورڈ کے مفادات کا تحفظ ہے۔