ترک وزیر دفاع کی پاکستانی ہم منصب اور آرمی چیف جنرل راحیل سے ملاقاتیں
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ترکمانستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل بردیو ییلم یاگمیروچ نے گزشتہ روز پاکستان کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں اور طے پایا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دفاع، سلامتی ،دفاعی پیداوار اور توانائی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مہمان وزیر دفاع کو بتایا کہ پاکستانی ساختہ لڑاکا طیارہ جے ایف17 تھنڈر، کارکردگی میں ایف سولہ کے برابر جب کہ اس کی قیمت ایف سولہ سے ایک تہائی کم ہے اور جے ایف17 تھنڈ کا تربیتی طیارہ بہت سے ملکوں میں بہت مقبول ہے۔ انہوں نے جے ایف17 تھنڈر اور تربیتی طیارہ سپر مشاق کی پاکستان میں تیاری، لاگت اور کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔ کرنل جنرل بردیو ییلم یاگمیروچ نے پاکستان کی دفاع پیداوار کی صنعت میں گہری دلچسبی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترکمانستان کی بری فوج کے سربراہ کو رواں ماہ کراچی میں منعقد ہونے والی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2016 میں شرکت کیلئے پاکستان بھجوائیں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دفاع و سلامتی کے شعبہ میں تعاون کے امکانات زیر غور آئے۔ خواجہ آصف نے انہیں انسداد دہشت گردی کیلئے پاک فوج کوششوں کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ اس جنگ میں دو لاکھ فوجی شریک ہیں۔ انہوں نے اس شعبہ میں ترکمانستان کو تعاون کی پیشکش کی۔ ترکمان وزیر دفاع نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دو طرفہ دلچسبی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائدہ برائے افغانستان ٹاڈامیچی یاماموٹو نے بھی جمعرات کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات افغانستان کی صورتحال اور وہاں کی سلامتی کے امور پر بات کی گئی۔
جنرل راحیل