بغداد میں 3 بم دھماکے‘ 7 افراد ہلاک‘ 31 زخمی
بغداد (آئی این پی+ آن لائن) عراقی دارالحکومت بغداد کے مختلف علاقوں میں 3 بم دھماکوں میں 7افراد ہلاک اور 31 زخمی ہو گئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ التاجی نامی قصبے میں گشت کے دوران سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس میں ایک فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ الغزالیہ نامی علاقے میں بھی ایک قہوہ خانے کے قریب ہونے والے دھماکے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ المدین نامی تحصیل میں بھی ایک گاڑی دھماکے سے اڑا دی گئی جس کے نتیجے میں 2افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔ عراقی فورسز نے موصل میں داعش سے چھڑائے گئے علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر کروا دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسداد دہشت گردی کے کمانڈر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ موصل کے ان اضلاع الزاہرہ‘ السابرہ‘ کیر کوکلی‘ الانتسار‘ مالائن اور خداراکو داعش کے ساتھ کئی دنوں کی جھڑپوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کے بعد مکمل طور پر کلیئر کروا دیا گیا اور آپریشن کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق گذشتہ ماہ موصل کے جنوب میں داعش سے چھڑائے گئے علاقے میں عراقی فورسز نے 6 دیہاتیوں کو قتل کر دیا۔ الشورہ میں قتل عام کی حکومت انکوائری کرائے۔ تشدد کے بعد گولی مار دی گئی۔ 37 افراد کو داعش سے تعلق پر زیرحراست رکھا گیا ہے۔ رشتہ داروں کو ملنے کی اجازت نہیں۔ ترجمان وزارت داخلہ نے الزام مسترد کر دیا۔ قدیم نمرود شہر میں تاریخی مقامات کے قریب لڑائی جاری ہے۔ انہیں نقصان کا خدشہ ہے۔ پہلے ہی جنگجو تاریخی مقامات کو بموں سے اڑا چکے ہیں۔
عراق