مولانا حمید الدین فراہی کے علم و فضل کا چرچا یورپ‘ عالم عرب اور ہند و پاک میں یکساں رہا ہے۔ مولانا حمید الدین فراہی دور جدید کے وہ عالم بے بدل تھے جنہوں نے تمام علوم کو یہ راہ دکھائی کہ قرآن ان کا کیسے محور اور مرکز بنتا ہے۔ قرآن شناسی اور قرآن فہمی کی یہ روایت مولانا حمید الدین فراہی کے شاگرد رشید مولانا امین احسن اصلاحی نے آگے بڑھائی جو آج تدبر قرآن‘ جیسی گرانقدر تفسیر کی شکل میں ہمارے سامنے ہے۔ زیرنظر کتاب توضیحات فکر فراہیؒ‘ مولانا اصلاحی کے شاگرد عزیز علامہ خالد مسعود مرحوم کی علمی‘ تحقیقی اور تصنیفی کاوشوں کا حاصل ہے جن کا دائرہ قرآنی تصورات و اسالیب اور تدبر حدیث سے لے کر فکر فراہی‘ نفاذ شریعت‘ سیرت و تاریخ اسلام اور سائنس اور قومی و ملی مسائل تک پھیلا ہوا ہے۔ علامہ خالد مسعود عصری توضیحاتِ فکر فراہیؒ میں اسلوب کے بہت اچھے انشاء پرداز تھے اور اس اسلوب میں انہوں نے اپنی تحقیقات کے ساتھ امام فراہی اور مولانا اصلاحی کے افکار کو بھی بڑی کامیابی سے بھرپور طریقے سے منتقل کیا ہے۔ یوں یہ کتاب علم و تحقیق کا ایک ایسا نادر مرقع بن گئی ہے جس کے مطالعے سے آپ کا دامن یقیناً اسلامی افکار کے گلہائے رنگا رنگ سے بھر جائے گا۔ کتاب مجلس مرکزیہ حزب الانصار بھیرہ نے چھاپی ہے۔ قیمت چھ سو روپے۔ لاہور میں کتاب سرائے الحمد مارکیٹ اردو بازار‘ کراچی میں فضلی بک سپر مارکیٹ اردو بازار سے دستیاب ہے۔ (ایم شریف)
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024