لاہور ینگ ڈاکٹرز کا دھرنا جاری میوہسپتال میں بچی تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئی ایمرجنسی وارڈ کا بائیکاٹ ختم
لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج نے شہریوں اور مریضوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا جب کہ ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث علاج نہ ہونے پر ڈیڑھ سالہ بچی تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہوگئی۔ لاہور میں مال روڈ پر کلب چوک میں 3 روز سے جاری ینگ ڈاکٹرزکے احتجاج اور دھرنے نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔ سڑکوں پر احتجاج اور دھرنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ ینگ ڈاکٹرز نے گزشتہ روز میو ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ مریضوں کی بہتری کےلئے کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ڈاکٹرز کی برطرفی کے خلاف ینگ ڈاکٹروں نے کام چھوڑ کر لاہور کے مال روڈ پر کلب چوک میں دھرنا دے دیا جس کے باعث ہسپتالوں کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ میوہسپتال میں ڈیڑھ سال کی بچی ثنا ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے دم توڑ گئی۔ ثنا کو جسم پر چائے گرنے کے باعث چار دن پہلے میو ہسپتال لایا گیا تھا جو برن سینٹر میں داخل تھی۔ دھرنے کے باعث لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے شہری گھنٹوں سڑکوں پر خوار ہوتے رہے۔ میوہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ڈیڑھ سالہ بچی ثناءتڑپ تڑپ کر دم توڑ گئی۔ مریض پر تشدد کے الزام میں ڈاکٹرز کی برطرفیوں کےخلاف میو ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کا احتجاجی دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا۔ ینگ ڈاکٹرز نے رات کھلے آسمان تلے سو کر گزاری اور کلب چوک میں احتجاجی دھرنا دیئے رکھا۔ دھرنے کے باعث مال روڈ پر ایک طرفہ ٹریفک بند ہونے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ اس دوران مظاہرین اور شہریوں میں تلخی کے واقعات بھی ہوئے۔ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث میو ہسپتال میں آنے والے ہزاروں مریض خوار ہوکر رہ گئے ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت نے 10ہڑتالی اور احتجاجی دھرنے میں شریک ڈاکٹرز کو برطرف کر دیا جبکہ 18احتجاجی نرسز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ مشیر وزیر اعلیٰ برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرز واپس آ جائیں۔ علاوہ ازیں ینگ ڈاکٹرز نے میوہسپتال کی ایمرجنسی وارڈز کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ ینگ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ فیصلہ مریضوں کی بہتری کےلئے کیا گیا۔ میوہسپتال کی ایمرجنسی بحال کر دی ہے۔ او پی ڈی اور وارڈز میں کام بند رہیگا۔ ینگ ڈاکٹرز نے مال روڈ پر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ ساتھیوں کی بحالی تک دھرنا جاری رہیگا۔ علاوہ ازیں جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی میں کام بند کردیا گیا۔
ینگ ڈاکٹرز/ہڑتال