ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری

May 11, 2025 | 20:18

ویب ڈیسک

ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اورژالہ باری ہوئی.آبپارہ مارکیٹ میں تیز آندھی اور بارش کے وقت درخت گر گیا،درخت کے نیچے موجود گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔آبپارہ مارکیٹ کی سڑک بھی درخت گرنے کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہوگئی ،ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی،لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش اورژالہ باری ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔خوشاب اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی. جس سے موسم خوشگوار ہوگیا،فیصل آباد شہر میں تیز بارش ہوئی.ابر رحمت برسنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ہری پورشہر سمیت گردونواح میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ تیز ہوائوں کے باعث مختلف فیڈر ٹرپ کر گئے.شہر بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔لوئردیر اور گردونواح میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی ،بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ کر موسم خوشگوار ہوگیا۔

مزیدخبریں