پتھورو میں قلت آب ،آباد گار سراپا احتجاج،قومی شاہراہ  پر دھرنا

May 11, 2025

عمرکوٹ (نامہ نگار )پتھورو شہر میں چار ماہ سے جاری پانی کی مصنوعی قلت عوام کے لیے عذاب بن گئی۔ پانی کی ایک ایک بوند کو ترستی عوام نے بالا آخر صبر کا پیمانہ لبریز کرتے ہوئے دوسرے روز بھی شٹر بند ہڑتال، احتجاجی ریلی اور دھرنا دیا۔ احتجاج کی قیادت چیئرمین ٹاؤن کمیٹی آصف حسین چھورو، لونو مل راٹھی، سید ذوالفقار علی شاہ لکیاری، مولانا اسد چانھیوں اور اعجاز آریسر نے کی۔ کھپرو کینال سے نکلنے والی کاہی شاخ کے ٹیل تک چار ماہ سے پانی نہ پہنچنے پر شہریوں نے بچا بند چوک پر مین روڈ بلاک کر دیا، جس سے عمرکوٹ، میرپورخاص، کراچی اور حیدرآباد جانے والی ٹریفک پانچ گھنٹے معطل رہی۔ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافر شدید پریشان رہے۔ مظاہرین نے کرپٹ آبپاشی عملے اور غیر حاضر عوامی نمائندوں کے خلاف زوردار نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈ کے بااثر آبادگار آبپاشی حکام کی ملی بھگت سے پانی کی کھلے عام چوری کر رہے ہیں جبکہ علاقوں کے تالاب سوکھ چکے ہیں اور پندرہ دن سے شہر میں واٹر سپلائی مکمل بند ہے۔ شہری پینے کے پانی کے لیے دربدر پھرنے پر مجبور ہیں۔ مظاہرین نے روڈ پر ہی نماز جمعہ ادا کی اور بعد ازاں ایکسیئن اریگیشن شان ملاح اور اسسٹنٹ کمشنر سنجے کمار نے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ حکام نے ٹیل تک پانی پہنچانے کی یقین دہانی کرائی، جس پر احتجاجی دھرنا وقتی طور پر ختم کر دیا گیا۔احتجاجی قیادت نے خبردار کیا ہے کہ اگر چند روز میں پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو پتھورو میں دوبارہ مکمل شٹر بند ہڑتال، دھرنا اور سخت عوامی ردعمل ہوگا۔ ہم ووٹ دے کر غائب نمائندے منتخب نہیں کرتے۔

مزیدخبریں