حیدر آباد،لاڑکانہ،سکھر(بیورو رپورٹ،نامہ نگاران)پاک بھارت سیز فائرکی خوشی میںحیدر آباد،لاڑکانہ،سکھر و دیگر شہروں میں شہری سڑکوں پر نکل آئے،فضا ملی نغموں اور نعروں سے گونج اٹھی۔سماجی و شہری،سیاسی حلقوں کا خیرمقدم،مٹھائیاں تقسیم۔ حیدر آباد سے بیورو رپورٹ کے مطابق جذبہ حب الوطنی سے سرشار میاں سرفراز ٹائون کے چیئرمین مصطفی بلال شیخ کی زیر قیادت ٹائون میاں سرفراز آفس گرائونڈ میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا گیا،اظہار یکجہتی پروگرام میں میونسپل کمشنر فہیم جمالی، ٹائون افسران، یوٹی افسران، ڈپارٹمنٹ کے انچارجز، تمام ڈپارٹمنٹ کے ملازمین سمیت خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے پاک فوج مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یوسی چئیرمینز، وائس چئیرمینز، کونسل ممبر و دیگر بھی موجود تھے۔ مصطفی بلال شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کو ناکام بنا کر افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ملک کا وقار بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور سمیت چھ حملوں اور مساجد کو نشانہ بنانے کے عمل نے مودی سرکار کی انتہا پسندانہ سوچ بھی واضح کردی ہے، ہم بھارتی حملوں میں شہیدہونے والے پاکستانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اس عمل سے دہشت گرد ثابت ہوگیا ہے۔ مصطفی بلال شیخ نے کہا کہ ڈرونز سمیت جنگی طیاروں کو مار گرا کر پاک فوجی نے اپنی برتری ثابت کردی ہے پاکستان افواج نے بھارتی حدود میں داخل ہوئے بغیر اسے ایسا سبق سکھایا ہے جسے وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ ٭نیشنل پوسٹ آفس حیدرآباد کے ملازمین کی جانب سے پاک فوج کے حق میں اور پاک فوج سے یکجہتی کے اظہار کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی گئی ،ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کے حق میں اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔اس موقع پرریلی کی قیادت کرتے ہوئے محمد ندیم، محمد حنیف، طارق خان اور دیگرنے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اورہر محاذ پر پاک فوج کے ساتھ ہیں۔لاڑکانہ سے بیورور پورٹ کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب ، فائر سیز، اور بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کی خوشی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری لاڑکانہ انیس الرحمان جلبانی کی قیادت میں محکمہ تعلیم کے افسران کی جانب سے ڈی ای او آفس پر قومی پرچم لہرایا گیا ۔جہاں انہوں نے "پاکستان زندہ باد"، "پاک فوج زندہ باد"، "پاک فضائیہ زندہ باد" اور "مودی سرکار مردہ باد" کے نعرے لگائے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری لاڑکانہ انیس الرحمان جلبانی نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے خلاف’’بنیان المرصوص‘‘آپریشن شروع کرکے بھارت کے اثاثوں پر میزائل حملے کرکے انہیں تباہ کردیا، جس کی خوشی میں آج ہم اپنے دفتر کی عمارت پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں اور اپنی گاڑیوں اور گھروں پر بھی جھنڈے لگا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج پاک فوج اور پاک فضائیہ نے دشمن بھارت پر حملہ کرکے ان کے علاقوں میں ایئر بیسز اور دیگر بڑے حملے کیے، اور ہمارے جنگی جہاز بحفاظت واپس پاکستان پہنچے، جس پر ہم پاک فوج اور پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، آج پوری دنیا میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کے کارناموں کا چرچا ہے، ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمارے پاس ایک بہادر فوج ہے جو کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ آئندہ بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔لاڑکانہ سے بیورورپورٹ کے مطابق لاڑکانہ میں پاک فوج میں خدمات انجام دینے والے سابق افسران اور ملازمین پر مشتمل تنظیم "پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی" کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر قومی اور تنظیمی جھنڈے ہاتھوں میں اٹھا کر شہر کے رائل روڈ سے ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، جہاں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے "پاکستان زندہ باد"، "پاک فوج زندہ باد" اور "مودی سرکار مردہ باد" کے نعرے بھی لگائے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں ریٹائرڈ کیپٹن طاہر حسین خاصخیلی، ریٹائرڈ صوبیدار گلزار علی دہر، زاہد پلیجو، عبدالرزاق ابڑو، امیر حسین جوکھیو، وحید جتوئی اور دیگر نے کہا کہ پاک فوج گزشتہ چار دنوں سے مسلسل بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کی فوج بہادر فوج ہے، جو اپنی دفاعی اور جنگی صلاحیتوں کے باعث پاکستان کے دفاع کو نہایت مضبوط بنارہی ہے، انہوں نے کہا کہ پاک فوج جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے بھارتی رافیل طیاروں سمیت ڈرونز کو مار گرانے میں کامیاب رہی اور دشمن کو دن میں تارے دکھا دیے، انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ رات بھی پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا زبردست جواب دیتے ہوئے جموں کشمیر میں بھارتی انٹیلی جنس کی تربیتی کیمپ سمیت فوجی تنصیبات کو تباہ کردیا اور بھارتی ملٹری سیٹلائٹ کو جام کردیا، جس سے دشمن کو شکست فاش ہوئی ہے ایسی شاندار جوابی کارروائیوں پر ہم پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور عزم دہراتے ہیں کہ ہم ہر وقت پاک فوج کے ساتھ ہیں اور آخری سانس تک پاک فوج کا ساتھ دے کر دشمن کو بھرپور جواب دیں گے۔سکھر سے نامہ نگار کے مطابق افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے تنظیمات اہلسنت سکھر کے زیر اہتمام سکھر و روہڑی کی تمام مساجد اہلسنت کے باہر’’ دفاع پاکستان ‘‘ مظاہرے کیئے گئے جامع مکرانی مسجد کے باہر مفتی محمد ابراہیم قادری، مشرف محمود قادری، پیر عطاالرحمن خان قادری، غیاث الدین قادری، مولانا اللہ وسایا حسینی رضوان میمن قادری جامع کھڈا والی مسجد کے سامنے مفتی محمد عارف سعیدی، جامع محمد مسجد نیو پنڈ میں مفتی قاری ساجد رفیق قادری، جامع محمدی مسجد مائیکرو ٹاور پر مولانا نور احمد قاسمی، جامع برکاتی مسجد کے سامنے مولانا رضوان خان قادری، مفتی عسجد نعمان قادری جامع حسینی مسجد جامعتہ المبارک سوسائٹی ایریا میں مولانا اللہ وسایا حسینی، جامع قادری مسجد تھلہ سکھر میں علامہ شہزاد قادری، مولانا عدنان رضا قادری، جامع قباء مسجد شالیمار پر مفتی محمد نعمان حنفی، غیاث الدین قادری، جامع محمدی مسجد ریجنٹ پر مولانا محمد اسلم قادری، محمد ساجد قادری عطاری، محمد حامد میمن سمیت دیگر مساجد کے سامنے افواج پاکستان کی حق میں نعرے لگائے گئے ، شرکاء اہلسنت نے ہاتھوں میں افواج پاکستان کی حمایت میں تحریری پلے کارڈ اور بینرز، قومی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع سکھر کے زیر اہتمام صدر خورشید احمد میرانی کی قیادت میں "پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد" کے عنوان سے شاندار ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی نیو پنڈ سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں یہ ایک احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہو گئی شرکاء کے ہاتھوں میں قومی پرچم تھے اور وہ بلند آواز میں "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کے دوران فضا جوش و جذبے سے گونجتی رہی اور عوام نے بھرپور شرکت کر کے اپنی افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔سکھر پریس کلب پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے خورشید احمد میرانی نے کہا کہ "ہم بحیثیت قوم اپنی پاک افواج کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔ ماضی میں بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور آج بھی اپنی افواج کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ریلی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات رہی۔ شہریوں نے مسلم لیگ (ن) کے اس اقدام کو سراہا اور قومی یکجہتی کی فضا قائم رکھنے پر زور دیا۔یہ ریلی نہ صرف بھارت کے خلاف واضح پیغام تھی بلکہ اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ قوم، سیاستدان اور عوام اپنی افواج کے ساتھ یکجہتی میں متحد ہیں۔ریلی میں خالدہ شیخ ضلعی رہنما سکھر۔اعظم خان جنرل سیکریٹری ضلع سکھر۔افارمیشن سیکریٹری گل حسن کھوسو۔فہیم گرگیج۔شاہد حسین میرانی۔راشد مہر۔نعیم بدر۔خالد آرائیں۔اکرم سومرو۔بابو سچل مہر۔وحید پہلپوٹو۔احمد حسین بھٹی و دیگر عہدیداران موجود تھے۔
جنگ بندی معاہدے پر جشن ‘ پاک افواج کو خراج تحسین : ملی نغموں اور نعروں کی گونج مٹھائیاتقیسم
May 11, 2025