پنوعاقل اور صالح پٹ میں انسدادپولیو مہم، کارکردگی بہتر کی جائے،ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو 

May 11, 2025

سکھر(بیورو رپورٹ )ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو کی زیر صدارت  پولیو کے خاتمے کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نے کم کارکردگی دکھانے والے ایریا انچارج کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو ایریا انچارج کام نہیں کرتے انہیں فوری طور پر نوکری سے ہٹا دیا جائے، جبکہ کم کارکردگی دکھانے والے یونین کونسلوں پر توجہ بڑھائی جائے۔ ڈی سی کی جانب سے اگلی میٹنگ تک کارکردگی بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔  ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو  نے کہا کہ فیک رپورٹنگ اور اصل ڈیٹا کو اپ ڈیٹ نہ کرنے کی وجہ سے پولیو ٹیموں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، اس لیے تمام ڈیٹا کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنوعاقل اور صالح پٹ میں زیرو ڈوز کوریج کیوں کم ہے؟ کوریج کو بڑھایا جائے، ورنہ متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔  ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ پولیو کی ٹیموں کے ساتھ لیڈیز پولیس کو گھروں میں بھیجا جائے تاکہ تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید لاڑک نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم 26 مئی سے پہلے جون 2025 تک جاری رہے گا۔  پولیو مہم کے لیے مقررہ ٹارگٹ کو پورا کرنے کے لیے 280 ایریا انچارج سمیت 1298 ٹیمیں ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کم کارکردگی دکھانے والے 7 یونین کونسلوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور بہتر کارکردگی کے لیے منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پولیو مہم میں خواتین ٹیم 100 فیصد ڈیوٹی انجام دینے کے لیے بھی موجود رہے گی۔

مزیدخبریں