لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاک فوج کی بھارت کیخلاف زبردست کارروائی کے بعد لاہور اور راولپنڈی میں شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ شہریوں نے کہا کہ وہ ہر حال میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملکی سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ دریں اثناء سیالکوٹ میں عوام کی جانب سے پاک فوج کے جوانوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ عوام باہر نکل آئے اور ٹینکوں پر آنے والے فوجیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ فتح میزائل کے بھی نعرے لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی کی زیرصدارت افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
ملک بھر میں جشن فتح، عوام سڑکوں پر نکل آئے، زبردست نعرے
May 11, 2025