پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پرتعمیراتی منصوبے مکمل کئے جائیں: اسعد محمود 

May 11, 2022

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا ہے کہ خود انحصاری کو نصب العین رکھتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زیادہ سے زیادہ تعمیراتی منصوبے مکمل کئے جائیں۔ تعمیری عمل میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشادہ اور دلکش شاہراہیں کسی بھی قوم کا پہلا تاثر ہوتی ہیں۔ہماری شاہراہیں عالمی معیار کے مطابق تعمیر کی گئی ہیں تاہم رابطہ سڑکوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کا پہلا دورہ کرتے ہوئے این ایچ اے حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل جب وہ این ایچ اے ہیڈکوارٹر پہنچے تو وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن،چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا اور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود نے ان کا پرتباک استقبال کیا۔بعد ازاں چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر)محمد خرم آغا نے انہیں این ایچ اے کے زیر انتظام مکمل ہونے والے،جاری اور مستقبل میں شروع کئے جانے والے ملک بھر کے تمام تعمیراتی منصوبوں بارے مفصل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وطن عزیز پاکستان کی ساڑھے چودہ ہزار کلومیٹر شاہراہیں این ایچ اے کے زیر کنٹرول ہیں،جبکہ سٹریٹجک روڈز ان کے علاوہ ہیں۔انہوں نے گلگت۔سکردو روڈ،کوہالہ۔مظفر آباد اور مظفرآباد۔چوٹی روڈز کی اہمیت و افادیت سے وفاقی وزیر مواصلات کو آگاہ کیا۔چیئرمین این ایچ اے نے قومی شاہراہوں،موٹرویز،اہم ٹنلز،فلائی اوورز،انڈر پاسز و دیگر تعمیری عمل سے متعلق وفاقی وزیر کو این ایچ اے کے انجنیئرز اور ماہرین تعمیرات کی جملہ کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔چیئرمین این ایچ اے نے سی پیک منصوبوں کے حوالہ سے بھی مفصل بریفنگ دی۔اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے حلقہ نیابت ڈیرہ اسماعیل خان میں این ایچ اے کے جاری تعمیراتی منصوبوں بارے بھی انہیں بتایا گیا۔چیئرمین این ایچ اے نے کہا کہ ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے الائنمنٹ کے حوالہ سے اپنا منفرد مقام رکھتی ہے۔چیئرمین این ایچ اے نے ڈیرہ اسماعیل خان کے تعمیراتی منصوبوں میں شامل تمام چھوٹی بڑی سڑکوں پر اٹھنے والے اخراجات اور ان کے تعمیری عمل کے حوالہ سے سیر حاصل بریفنگ دی۔ چیئرمین این ایچ اے نے بلوچستان،سندھ،پنجاب اورخیبر پختونخوا میں جاری تعمیراتی منصوبوں بارے بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پراین ایچ اے کے ممبر پلاننگ عاصم امین اورجنرل منیجر پلاننگ اکرام الثقلین حیدرنے چیئرمین این ایچ اے کی معاونت کی۔وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے تعمیری عمل میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے این ایچ اے کی جملہ کارکردگی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہیں ملکی معیشت کے استحکام میں نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔نئی شاہراہوں کی تعمیر اورجاری تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کے تمام کارکنان ایک کنبہ اور خاندان کی مانند ہوتے ہیں،جن میں اتحاد اور نظم و ضبط ہی ان کی کا میابی کی ضمانت ہوتی ہے۔اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں قائم انٹیلی جینٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (ITS) کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پروزیر مواصلات کو اس سسٹم کے مختلف پہلوں پر بریفنگ دی گئی۔اس سسٹم کے ذریعے ملک بھر کی ہائی ویز اور موٹرویز کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ وہاں کے ٹول پلازوں، وے اسٹیشنزاور کیمرہ سسٹم کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔
اسعد محمود

مزیدخبریں