ویکسین کی کولڈچین کو ہر صورت برقرار رکھا جائے: ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عتیق
ملتان( خصوصی رپورٹر)ڈپٹی سیکرٹری ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر عتیق الرحمن کا ضلع لیہ کا دورہ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ، تھل ہسپتال،تحصیل ہسپتال چوک اعظم اور کورونا ویکسین سینٹر ضلع کونسل ہال کا معائنہ۔ویکسین کاؤنٹر ضلع کونسل ہال اور چوک اعظم سینٹر پر اقدامات بہتر کرنے کی ہدایت۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عتیق الرحمن نے ضلع لیہ کا دورہ کیا اور مختلف ہسپتالوں خصوصاً ویکسینیشن سینٹرز کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عتیق الرحمن نے ضلع کونسل ہال اور چوک اعظم ہسپتال میں قائم ویکسینیشن سینٹرز پر ویکسین کے کولڈ چین کو برقرار رکھنے،بیٹھنے کی مناسب جگہ، پنکھوں کی تنصیب اور ویکسین لگوانے والے افراد کو نصف گھنٹہ تک سینٹر پر مشاہدہ کے لئے رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ویکسین کی کولڈ چین کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ اس کی افادیت برقرار رہے۔ڈاکٹر عتیق الرحمن نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس،ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسین بارے بھر پور آگہی دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مرض سے محفوظ رہ سکیں۔قبل ازیں ڈاکٹر عتیق الرحمن نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا ۔