عید سے قبل پولیس سرپرستی میں شراب سپلائی، 8 منشیات فروش گرفتار
میاں چنوں،دنیاپور ( خبر نگار، نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار) عید الفطر کی آمد میاں چنوں میں بڑے پیمانے پر شراب کی تیاری جاری،ہزاروں لیٹر پنجاب کے مختلف شہروں میں سپلائی کی جانے لگی تفصیل کے مطابق میاں چنوں میں عید الفطر کے موقع پر شراب بڑے پیمانے پر تیار کرکے پنجاب کے شہروں کو سپلائی کی جانے لگی میاں چنوں کے کئی علاقوں میں شراب بڑے پیمانے پر کشید کی جاتی ہے تھانہ صدر گاؤں چک نمبر 111 پندرہ ایل، چک نمبر 135 سولہ ایل، پکی بھینی، تھانہ چھب کلاں کے چک نمبر 107 پندرہ ایل، ونجاری، چک نمبر 109 پندرہ ، تھانہ سٹی میاں چنوں کے علاقے بابو جان کالونی، کرسچین کالونی ، لائن پار کی آبادی کے مختلف علاقوں اور تھانہ تلمبہ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے مختلف برانڈز کی بوتلوں میں پیک کرکے چاند رات کے لیے سپلائی کرنے کے ساتھ ساتھ کچی شراب بھی سپلائی کی جارہی ہے میاں چنوں سرکل کے تھانوں میں عرصہ دراز سے تعنیات پولیس اہلکار ان شراب فروشوں کے سب اڈوں سے باخبر ہونے کے باوجود کاروائی کرنے کی بجائے باقاعدہ حصہ وصول کررہے ہیں شہریوں کے مطابق شراب فروش سرعام سپلائی کرتے نظر آتے ہیں جنہیں مقامی پولیس کا کوئی خوف نہیں واضح رہے کہ گزشہ سالوں میں زہریلی شراب سے کئی اموات واقع ہوچکی ہیں شہریوں نے آر پی او ملتان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔دنیاپور سے نامہ نگارکے مطابق ضلعی پولیس نے عید کے لئے شراب کی بڑے پیمانے پر تیاری اور فروخت کرنے والے منشیات فروشوں کے خلاف تحصیل دنیاپور سمیت مخلتف علاقوں میں کاراوئیوں کے دوران 08 ملزمان گرفتار، 524 لیٹر دیسی شراب 01 چالو بھٹی اور شراب کشید کرنے والا سامان برآمد کرلیا ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ۔