تعلیمی اداروں کے چھوٹے ملازمین میں عیدی‘ تحائف تقسیم کئے جائیں: خواتین اساتذہ
لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) خواتین اساتذہ نے عید الفطر کے موقع پر تعلیمی اداروں کے ضرورت مند ملازمین میں تحائف اور عیدی کی رقوم دل کھول کر تقسیم کرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وباء کے دنوں میں تعلیمی اداروں کے سکیورٹی گارڈز، اٹینڈنٹس، نائب قاصد، خاکروب، ہوسٹل میس کے ملازمین ودیگرکے گھروں میں عید تو کیا بیماری سے بچنے یا بیمار ہونے کی صورت میں قوت مدافعت سمیت کسی قسم کے علاج معالجے کی ادویات کیلئے بھی معقول انتظام موجود نہیں، کھانے پینے کے سامان کی شدید قلت ہے۔ انکے ریلیف کیلئے اقدامات سے انہیں جی اٹھنے کا احساس ہوگا جو رب کے نزدیک بھی پسندیدہ عمل ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو میںکالج پرنسپل ڈاکٹر فوزیہ ناز نے کہاکہ اگر تعلیمی اداروں کے سربراہوں کی زیرنگرانی ڈونیشن کمیٹی کا قیام عمل میں آجائے، خوشحال اساتذہ اور طلبہ اس میں حصہ ڈالیں تو ناصرف ضرورت مند ملازمین بلکہ ضرورت مند طلبہ و طالبات کی فیسوں کی ادائیگی بھی ہو سکتی ہے۔ پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی رہنما ثمینہ یاسمین بھٹی نے کہاکہ عید خوشیوں کادن ہے۔ کیا ہی اچھا ہو اگر ہم اپنی خواہشات میں کمی کر کے اپنے ارد گرد لوگوں کو دیکھیں جو بظاہر ٹھیک ٹھاک نظر آتے ہیں مگر حقیقت میں مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ فرخندہ وہاب نے کہا کہ رمضان المبارک میں ایک نیکی کا اجر ستر گنا ہے جو چند گھڑیاں بچی ہیں ان میں ضرورت مندوں کا سہارا بن جانا چاہئے۔ ساجدہ تنویر نے کہا کہ تعلیمی ادارے اپنے ملازمین کیلئے ماؤں کا کردار ادا کریں۔