آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی ،جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حسن اتفاق ہے کہ پاکستان 27 رمضان المبارک کو قائم ہوا ، اسلامی تقویم کے لحاظ سے یوم پاکستان یعنی یوم آزادی 27رمضان المبارک ہے،آ ج کا دن ہمیں متوجہ کرتا ہے کہ ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی، فلاحی اورجمہوری ریاست بنانے کیلئے کردار ادا نہیں کیا گیا۔ ملکی استحکام کیلئے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور صحیح معنوں میں جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے ۔مو ھوم مصلحتوں اورفائدوں کے لیے بے جا پالیسیوں کی بجائے ملک و قوم کے مفاد میں اقدام اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسلامی تقویم کے لحاظ سے یوم آزادی پاکستان (27رمضان المبارک ) کو اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی ملک میں جہاں شہری و بنیادی حقوق پر سوال اٹھ رہے ہیں وہیں طبقاتی تفریق نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا ہواہے، انصاف کا حصول مشکل ہے،عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکا۔وہ کٹھن حالات سے دو چار ہے ،اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا دکھائی دیتا ہے لیکن کوئی سنوائی نہیں۔ آج کا دن ہمیں اس کی طرف دھیان دینے کی یاد دلاتا ہے۔