غزہ:اسرائیلی وحشیانہ بمباری،20فلسطینی شہید:مسجد اقصیٰ پر پھر دھاوا،سیکنڑوں زخمی
مقبوضہ بیت المقدس+ ریاض (بی بی سی+ انٹرنیشنل ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری و گولہ باری کی جس سے 9بچوں سمیت20 فلسطینی شہید ہو گئے‘ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ ترجمان فلسطین ریڈ کریسنٹ کے مطابق بیت المقدس میں مسجد اقصٰی کے احاطہ میں ایک مرتبہ پھر اسرائیلی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں 300 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ہلال احمر نے صحافیوں کو ایک مختصر بیان میں کہا کہ حملوں میں سیکڑوں افراد زخمی ہیں اور ان میں سے 50 کو علاج کیلئے ہسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے مشرقی بیت المقدس پر قبضے کا سالانہ جشن ’’یوم یروشلم‘‘ منانے سے قبل ہی علاقے میں کشیدگی جاری ہے۔ اسرائیل نے 1967ء میں جنگ کے ذریعے مشرقی بیت المقدس اور اولڈ سٹی پر قبضہ کر لیا تھا جو یہودیوں اور مسیحیوں کے لیے مقدس مقامات ہیں۔ تناؤ کو دور کرنے کی کوشش میں اسرائیلی پولیس نے کہا کہ انہوں نے یہودی گروپوں پر 'یوم یروشلم' کے موقع پر بیت المقدس کے مقدس پلازہ کے دورے پر آنے کی پابندی عائد کر دی ہے۔ مزید ہزاروں اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔ براہ راست ویڈیو میں دکھایا گیا کہ فلسطینی اور اسرائیلی پولیس کے مابین جھڑپیں ہوئیں اور اسرائیلی پولیس نے نہتے فلسطینوں پر سٹین گرنیڈ استعمال کئے۔ ادھر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے مطالبہ کیا اسرائیل پرامن احتجاج کا احترام‘ تحمل کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے مشرقی بیت المقدس میں مسلسل کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ شیخ جراح‘ سلوان سے فلسطینی خاندانوں کی ممکنہ بیدخلی پر بھی تشویش ظاہر کی۔ اسرائیل پر زور دیا وہ انہدام اور بیدخلی کے عمل کو عالمی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قوانین کی روشنی میں روک دے۔ مقدس مقامات کا تقدس برقرار رکھا جائے۔ فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف مختلف ممالک میں مظاہرے کئے گئے۔ استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے کے سامنے سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا اور صیہونی مظالم ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ برطانیہ کے شہروں لندن اور مانچسٹر میں بھی مظاہرے کئے گئے اور مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عالمی برادری سے اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اپیل بھی کی۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ پٹی کے علاقے بیت حانون میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ متعدد گولے بیت خانوں کے مشرق میں چلتی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر گرے۔ شہید ہونے والوں میں حماس کا کمانڈر بھی شامل ہے۔ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں آگ لگ گئی۔ انتہا پسند اسرائیلیوں نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں آگ لگائی۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا اجلاس فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے طلب کر لیا گیا۔ او آئی سی کا اجلاس منگل آج 11 مئی کو ہوگا۔ اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے درجنوں فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں دیگر امور پر بھی غور کیا جائے گا۔غزہ پر بمباری سے64فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔