ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا
نئی دہلی(یواین پی)بھارت میں رواں سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو ملتوی یا منتقل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ سابق آسٹریلین کپتان ایان چیپل کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کی معطلی کھیل کے حوالے سے یاددہانی ہے اور اگر کورونا وائرس ختم نہیں ہو سکا تو بھارت سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کیا جا سکتا ہے یا پھر میگا ایونٹ کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مختلف وجوہات اور سانحات کی بناء پر دورے منسوخ کئے گئے اور مقابلے نہ ہو سکے لہٰذا موجودہ تباہ کن حالات میں آئی پی ایل کی معطلی کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ ایان چیپل نے بتایا کہ 1970ء میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین باکسنگ ڈے ٹیسٹ بھی نہ ہو سکا تھا کیونکہ موسلا دھار بارش نے ایک گیند پھینکنے کی مہلت بھی نہ دی تھی جس کے بعد ریونیو کے نقصان کو پورا کرنے کیلئے پہلی مرتبہ ون ڈے میچ کھیلا گیا۔ کورونا وائرس کے پھیلا ؤ کی وجہ سے موجودہ حالات میں بھی کھیل پر اثرات مرتب ہونے لگے ہیں۔