والٹن روڈ: گھر میں آتشزدگی سے 2 کمسن بچے زندہ جل گئے، بچی سمیت 2 افراد زخمی
لاہور (نامہ نگار) فیکٹری ایریا کے علاقے والٹن روڈ پر ایک گھر میں آتشزدگی سے کمسن بچہ اور بچی زندہ جل گئے جبکہ ایک بچی سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ شبہ ہے کہ بچے ماچس سے کھیل رہے تھے جس وجہ سے گھر میں آگ لگ گئی تفصیلات کے مطابق بوائے سکائوٹ سٹاپ کے قریب رہائش پذیر حاجی فریاد کے گھر میں آگ لگنے سے اس کا پانچ سالہ بیٹا علی حسن اور رشتے دار عرفان کی ساڑھے پانچ سالہ بیٹی حبیبہ عرفان جھلس کر ہلاک جبکہ 3 سالہ بیٹی نبیہہ اور 30 سالہ عمران جھلس کر شدید زخمی ہو گئے اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔امدادی ٹیموں نے زخمی بچی نبیہہ اور عمران کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ہلاک ہونے والے دونوں بچوں حبیبہ اور علی حسن کی نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی ہیں ۔ امدادی ٹیموں کے مطابق آگ ایک کمرے میں لگی جہاں بچے کھیل رہے تھے وہاں جھلسے ہوئے بچوں کے پاس کمرے میں سے ایک جلی ہوئی ماچس بھی ملی شبہ ہے کہ بچے ماچس سے کھیل رہے تھے علاوہ ازیں بچوں کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا ماؤں پر غشئی کے دورے پڑنے لگے جبکہ علاقہ میں سوگواروں کی فضاء چھا گئی۔