ملک کا موجودہ سیاسی کلچر لوٹا کریسی اور خرید و فروخت پر قائم ہے: ذکر اللہ مجاہد
لاہور (سیف اللہ سپرا) امیر جماعت اسلامی لاہور اور صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی وہ جماعت ہے جس نے نظریہ پاکستان اور اسلام کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے یہ چیز ریکارڈ پر موجود ہے کہ پاکستان بننے کے فوری بعد بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے جماعت اسلامی کے بانی سید ابوالاعلیٰ مودودی کو کہا کہ وہ نئے پاکستان کے اندر نظریہ پاکستان کے ابلاغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور سید مودودی کو ریڈیو پاکستان پر اپنے خیالات کے اظہار کی دعوت دی اور وہ ریڈیو پاکستان کی نشری تقاریر کی صورت میں آج بھی ریکارڈ پر موجود ہے۔ 1971ء کے اندر پاکستان کو متحد رکھنے کے لئے جماعت اسلامی نے عوامی سطح پر بھرپور جدوجہد کی اسی کا نتیجہ ہے کہ آج بنگلہ دیش کے اندر جماعت اسلامی کی ٹاپ لیڈر شپ کو پاکستان کی حمایت کے جرم میں پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وقت میں خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کی وہ جماعت ہے جس پر کسی خاندان یا وڈیرے کا قبضہ نہیں بلکہ اس پارٹی کے اندر حقیقی جمہوریت قائم ہے۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے موجودہ بدترین معاشی حالات اور قومی اداروں کی زبوں حالی کا سب سے بڑا سبب لوٹ مار کا کلچر اور کرپشن ہے۔ جب تک قوم دیانتدار قیادت کو آگے نہیں لاتی ان مسائل سے چھٹکارا ممکن نہیں۔ پاکستان کا موجودہ سیاسی کلچر لوٹا کریسی اور خرید و فروخت کے اوپر قائم ہو گیا ہے اس سے چھٹکارا پانا پوری قوم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایم ایم اے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پانچ بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد ہے جس نے پہلے بھی اس ملک میں سیاسی کامیابی حاصل کی ہے۔ آنے والے الیکشن میں پوری قوم کو اسلام اور نظریہ پاکستان کے حوالے سے ایم ایم اے کے ساتھ کھڑا کرنے کی جدوجہد کریں گے۔ ایم ایم اے اس ملک کے اندر سیاست میں شائستگی کا کلچر متعارف کرائے گی۔ قومی وسائل کی لوٹ مار کو ہر صورت میں ختم کریں گے۔ اقلیتوں کو ان کے جائز حقوق دئیے جائیں گے۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔ زرعی اصلاحات کریں گے جس سے جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ تعلیم اور صحت ہر فرد کا ضرورت ہے۔ صحت کو چند بڑے شہروں تک محدود رکھنے کی بجائے ہر چھوٹے شہر اور دیہات تک یہ سہولت پہنچائیں گے۔ طبقاتی اور مہنگی تعلیم کا خاتمہ کر کے پاکستان کے ہر بچے تک اس سہولت کو پہنچائیں گے۔ ایم ایم اے 13 مئی کو مینار پاکستان کے بڑے گراؤنڈ میں پاکستان سے محبت کرنے والے لاکھوں لوگوں کو اکٹھا کرے گی۔ یہ ہماری 2018ء کے الیکشن مہم کا نقطہ آغاز ہو گا۔ ایم ایم اے کی مرکزی قیادت پاکستان کے لئے ایم ایم اے کا منشور پیش کرے گی اور یہ جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہو گا۔ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ اس سے چھٹکارا حاصل کرنے میں پاکستان کی بہتری ہے۔