کالج برائے خواتین ایف سیون ٹو کے میگزین’’ المشکوٰۃ‘‘کے گولڈن جوبلی ایڈیشن کا اجراء
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین ایف سیون ٹو کے میگزین’’ المشکوٰۃ‘‘کے گولڈن جوبلی ایڈیشن کا اجراء کر دیا گیا ہے،کالج کی سابق پرنسپل افروز بیگم اور موجودہ پرنسپل میڈم خالدہ مخدوم نے لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر ایڈیشن کا افتتاح کیا۔تقریب کے شرکاء نے کالج میگزین کے گولڈن جوبلی ایڈیشن کی خوبصورتی کو سراہا ،اس موقع پر کالج کی اساتذہ نے اپنے تاثرات کا بھی اظہار کیا۔مہمان خصوصی کو کالج کا نشان بھی پیش کیا گیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ماہر تعلیم میڈم افروز بیگم نے کہا کہ کالج میگزین کے گولڈن جوبلی ایڈیشن کی تیاری میں کالج سٹاف کا کردار قابل تحسین ہے ۔انہوں نے کہا میں نے اس کالج کے ابتدائی دنوں میں یہاں پر ذمہ داریاں سرانجام دی ہیں اور سٹاف کے ساتھ مل کر اس کی ترقی کے لیے اہم کردار اداکیا۔انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اس ادارے کی بہتری اور ترقی کے لیے کردار اداکریں۔کالج کی پرنسپل میڈم خالدہ مخدوم نے مہمان خصوصی میڈم افروز بیگم کا شکریہ اداکیا اور پورے کالج کے سٹاف کو میگزین کے گولڈن جوبلی ایڈیشن کے اجراء پر مبارکباد پیش کی۔