فاٹا انضمام کے لئے صدارتی حکم ہی واحد قابل عمل راستہ ہے،کنور محمد دلشاد
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) فاٹا انضمام کے لئے صدارتی حکم ہی واحد قابل عمل راستہ ہے ،آئینی طور پر صدر مملکت کوئی بھی آرڈینینس جاری کر سکتے ہیں جس کے لئے کسی پارلیمانی قانون سازی کی ضرورت نہیں ،آئینی طور پر صدر فاٹا کے چیف ایگزیکٹو /پیٹرن ان چیف ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سابق سیکر ٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان و چیئرمین نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن کنور محمد دلشاد نے سینٹرفار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز کے زیر اہتمام پاکستان اور افغانستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے منعقدہ پاک -افغان یوتھ مذاکرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنور محمد دلشاد نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں فاٹا انضمام کے لئے صدارتی حکم ہی واحد قابل عمل راستہ ہے ،ان کا کہنا تھا کہ صدارتی فرمان کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا اور اس کی منظوری نئی پارلیمنٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے ۔پاک - افغان یوتھ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غیر جانبدار اور بیرونی دبائو سے پاک انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان غیر ملکی مالی و انتظامی معاونت سے گریز کرے ،غیر ملکی امداد حاصل کرنے پر بنگلہ دیش اور نیپال زیر اثر ہیں ، اپوزیشن جماعتوں نے بھی غیر ملکی معاونت پر الیکشن کمیشن پر تحفظات کااظہار کیا ہے ۔کنور محمد دلشاد کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی شفافیت نگران حکومت کی مرحون منت ہے لہذاٰ نگران حکومت کی تشکیل کے لئے لیڈر آف دی ہائو س، لیڈر آف دی اپوزیشن کی مشاورت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی دیگر بڑی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے جبکہ چیف آف دی آرمی سٹاف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی غیر رسمی مشاورت میں کوئی حرج نہیں۔ آئندہ قومی انتخابات کے بعد قومی و صوبائی اسمبلی کی معیاد 4سال جبکہ لوکل گورئمنٹ 3سال ہونی چاہئے ،اس سے گڈ گورننس پر اچھے اثرات مرتب ہونگے ۔ماضی میں افغانستان کے الیکشن میں پاکستان نے مدد کی تھی ،آئندہ انتخابات میں پاکستان کسی قسم کی معاونت سے گریز کرے ۔کنور محمد دلشاد نے تجویز پیش کی کہ خطے کے باہمی امور پر کام کرنے کے لئے ایک خصوصی فورم تشکیل دیا جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی سفیر افغانستان شمس زردشت نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میںآئندہ انتخابات میں غیر جانبداری اور شفافیت سے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر سید ایزد علی نے شرکاء کو الیکشن کمیشن آف افغانستان کے بارے میں بریفنگ دی ۔