پاک بھارت شمولیت سے ایس سی او جامع علاقائی تنظیم بن گئی،چین
بیجنگ (آئی این پی) چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھن اینگ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )پاکستان اور دیگر ممالک کوسماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کے ساتھ ساتھ اہم مفادات کے تحفظ کیلئے مدد فراہم کرے گی۔ ایس سی او کو امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے موثر علاقائی پلیٹ فورم کے طور پر ترقی دی جائے گی۔یہ تمام اراکین ممالک کی مشترکہ ترقی کا وسیلہ ثابت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ2017میں بھارت اورپاکستان کی شمولیت کے بعد ایس سی او دنیا کی آبادی کے 44فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ بڑی جغرافیائی اور جامع علاقائی تنظیم بن گئی ہے ۔ایس سی اوکے رکن ممالک مابین اتفاق پایا گیا ہے کہ مشترکہ باہمی اعتماد ،انصاف پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔