دوغلی سیاست کے علمبرداروں نے سندھ اور خیبر پختونخوا کے عوام کو صرف محرومیاں دیں : شہباز شریف
اسلام آباد/ جہلم (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں وفاقی وزراء اور ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کارکردگی کے بل بوتے پر اگلا الیکشن اکثریت سے جیتے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دہشت گردی اور انرجی بحران کے خاتمے کیلئے قابل قدر قومی خدمت سرانجام دی ہیں۔ پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جس سے پورے پاکستان کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی فلاح وبہبود کے ہزاروں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جس کے دو رس اور دیرپا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ محمد شہباز شریف نے کہاکہ زرداری اور عمران خان کی لوٹ مار،جھوٹ اور دھوکے بازی کی سیاست نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمنٹرینز نے عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی عوامی مقبولیت کے گراف میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام موجودہ حکومت کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ دوغلی سیاست کے علمبرداروں نے سندھ اور خیبرپختونخواہ میں اپنے دور اقتدار میں عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور نہ ہی بنیادی مسائل پر توجہ دی ہے جس طرح انہوںنے عوام کو نظر انداز کیا اسی طرح انتخابات میں وہ انہیں بھی مسترد کردیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال جہلم میں پتھالوجی لیب ، فرسٹ اوپی ڈی بلاک اور ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا افتتاح کیا-وزیراعلیٰ نے ضلعی ہسپتال جہلم میں صحت کے منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد دعائے خیر کی-وزیر اعلی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اگر اللہ تعالی نے ہمیں موقع دیا تو2018ء کے الیکشن کے فورا بعد جہلم میں نئے ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور پنجاب سپیڈ کے ساتھ ایک سال میں اس ہسپتال کو مکمل کروائیں گے- انہوںنے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں کا کلچر تبدیل ہو چکا ہے -ماضی میں مریض سرکاری ہسپتال میں جاتے ہوئے ڈرتے تھے اب مریض سرکاری ہسپتال سے علاج کروانے میں اطمینان محسوس کریں گے -وزیراعلی نے ضلعی ہسپتال جہلم میںچیسٹ کلینک کا دورہ کیااوریہاں مریضوں سے علاج کی سہولتوں اور ادویات کے بارے میں دریافت کیا- وزیراعلی کی ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کے فرسٹ او پی ڈی بلاک میں آمد پر مریضوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔وزیراعلی نے بزرگ اور خواتین مریضوں کی مزاج پرسی کی اوران کیلئے دعائے صحت کی۔ وزیراعلی نے گائنی او پی ڈی ، آپریشن تھیٹر بلاک اورڈائیلسز سنٹر کابھی معائنہ کیا اورڈائلسز مشین اور اس کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں - وزیراعلی نے ضلعی ہسپتال جہلم میں پتھالوجی لیب کا معائنہ کیااور طبی ٹیسٹوں کے مختلف مراحل کا بغور جائزہ لیا ، عملے سے خوشگوار موڈ میں گفتگوکی۔