سندھ حکومت کی غلط پالیسیوں کیخلاف آبادگار سراپا احتجاج
میرپور خاص (فرحان علی) میرپور خاص ڈویژن میں پانی کی قلت اور حکومت سندھ کی غلط پالیسیوں کے خلاف ڈویژن بھر کے ہزاروں آبادگاروں کا میرپور خاص حیدر آباد مین شاہراہ پر جمڑائو کینال پل پر احتجاجی مظاہرہ اور کئی گھنٹے دھرنا‘ شاہراہ کے دونوں جانب سینکڑوں مختلف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں‘ آبادگاروں کی سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی‘ آبپاشی افسران اور بااثر سیاسی شخصیات زرعی پانی کی چوری میں ملوث ہیں‘ دھرنے میں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کی آمد پر دھرنے کے شرکاء کا انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی جب تک سیکرٹری آبپاشی یا ڈی جی رینجرز یقین دہانی نہیں کراتے دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا‘ دھرنے کے شرکاء کا مطالبہ۔ دھرنے میں مختلف سیاسی پارٹیوں اور سماجی تنظیموں کی بھی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق میرپور خاص ڈویژن بھر میں گزشتہ کئی ماہ سے زرعی پانی کے زبردست بحران اور حکومت سندھ کی جانب سے آباد گاروں کے ساتھ پچھلے 10 سال سے مسلسل ناانصافیوں اور زیادیتوں کے خلاف سندھ کی پانچ آبادگار تنظیموں فارمر آرگنائزیشن کونسل‘ ٹیل آباد گار ایسوسی ایشن‘ سندھ آبادگار فورم‘ ہاری اتحاد سندھ ایگری کلچر ل کونسل (سارک) کی جانب سے میرپور خاص حیدر آباد مرکزی شاہراہ پر جمڑائو موری پر ہزاروں کاشتکاروں نے احتجاجی مظاہرہ اور کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود آبادگار اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ اس موقع پر ایف او سی سندھ کے چیئرمین جاوید علی جونیجو‘ علی پلھ‘ اربا ب انور‘ سید ممتاز علی شاہ‘ پیر گل سرہندی‘ مبارک علی مہر‘ زاہد نون سمیت دیگر نے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے ٹیل کے آبادگار زرعی پانی سے محروم ہیں اب تو پینے کا پانی تک نہیں مل رہا ہے جبکہ بااثر سیاسی لوگ اور محکمہ آبپاشی کے افسران پانی چور ی اور کھلے عام فروخت کرنے میں ملوث ہیں جبکہ غریب آبادگار زمینوں اور پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد حسین میمن اور ایس ایس پی میرپور خاص نظیر حسین میر بحر نے موقع پر پہنچ کر دھرنا ختم کرانے کیلئے آبادگار رہنمائوں سے مذاکرات کئے جو کہ کامیاب نہ ہو سکے‘ کئی گھنٹے جاری آبادگاروں کے طویل دھرنے کی وجہ سے شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ آبادگاروں سے اظہار یکجہتی کیلئے وکلاء برادری‘ تحریک انصاف‘ مسلم لیگ نواز اور دیگر سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے بطور اظہار یکجتی دھرنے میں شرکت کی۔
میرپور خاص/ دھرنا