اکیوم فنڈ، توانائی کے شعبہ میں 86 ملین روپے کی سرمایہ کاری کرے گا: فرخ خاں
اکیوم فنڈ، توانائی کے شعبہ میں 86 ملین روپے کی سرمایہ کاری کرے گا: فرخ خاں
اسلام آباد (این این آئی) عالمی ادارہ اکیوم فنڈ کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان فرخ خاں نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں 86 ملین روپے کی سرمایہ کاری کرےگا۔ انھوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے توانائی کے شعبہ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اکیوم فنڈ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کو قرضہ فراہم کرےگا جس سے چترال میں چھوٹے ڈیم تعمیر کئے جائیں گے جن سے پیدا ہونے والی بجلی چترال کے دوردراز اور دشوار گزار علاقوں میں قائم دیہاتوں کو فراہم کی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے دیہات میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے لوگ لکڑی پر انحصار کرتے ہیں جو جنگلات کی کمی اور فضائی آلودگی میں اضافہ کا سبب بنتی ہے۔ چھوٹے ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ لوگوں کی توانائی کی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔ منصوبہ میں مقامی آبادی کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا جو بعد میں بھی توانائی کے پیداواری منصوبوں کی نگرانی کرے گی۔