گورنر پنجاب احمد محمود سے امریکی قونصل جنرل نینا ماریا فائٹ کی ملاقات
لاہور(خبر نگار)گورنر پنجاب مخدوم سید احمدمحمود سے گذشتہ روز مخدوم ہاﺅس لاہور میں امریکی قونصل جنرل نینا ماریا فائٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آج ہونے والے عام انتخابات کا پُر امن انعقاد، امن و امان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبا دلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا پاکستانی عوام اب سیاسی طور پر باشعور ہیں اور وہ بخوبی جانتے ہیں اُن کے ووٹ کی طاقت سے ایک ایسی سیاسی قیادت کو لایا جائے جو ملک میں جاری جمہوری تسلسل کو نہ صرف برقرار رکھے بلکہ عوام کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے عملی جذبہ بھی رکھتی ہو۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل گڈ گورننس اور جمہوری رویوں کا فروغ ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ بعض ملک دُشمن عناصر اپنی پوری کوشش میں لگے ہوئے ہیں ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کیا جائے، لیکن وہ یہ بات ذہن میں بٹھالیں وہ اپنے ایسے کسی بھی مزموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ پاکستانی ایک بہادر اور مضبوط اعصاب کی قوم ہے وہ مصائب کو جھیلنا اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتی ہے۔ اس موقع پر امریکی قونصل جنرل نیناماریا فائٹ نے کہا امریکہ پاکستان کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں خواہاں ہے۔ اُنہوں نے کہا امریکہ پاکستان کو ایک آزاد اور معاشی طور پر مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔