انتخابات میں اصل مقابلہ مسلم لیگ(ن)،تحریک انصاف کے درمیان ہوگا:مشاہد
اسلام آباد(این این آئی) سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفا ع کے چیئر مین سینیٹر مشاہد حسین سیدنے کہا کہ2013کے انتخابات کا ٹرن آﺅٹ پہلے کی نسبت اچھا رہے گا اور 1970کے الیکشن کے بعد اس الیکشن میں لوگ دلچسپی دکھا رہے ہیں۔اصل مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان ہوگا اور نئی حکومت مخلوط طرز کی ہوگی ۔انتخابات میں خواتین اورنوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہوگا اور پہلی مرتبہ پاکستان میں انتخابات کا انعقاد ایسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کے بغیر ہو رہا ہے ملکی اور غیر ملکی عناصر بھی عام انتخابات میں مداخلت نہیںکر سکیں گے۔ فوج عام انتخابات میں اس بار سوائے سکیورٹی کی فراہمی کے کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں کرے گی کیونکہ وہ شفاف اور پر امن انتخابات کی خواہاں ہے۔