افغانستان کی جانب سے پاکستانی چوکیوں ‘ تنصیات کو نشانہ بنانے کی پھر دھمکی
کابل (این این آئی) پاکستان کو ڈیورنڈ لائن سے پیچھے دھکیلنے کے لیے افغان سرحدی پولیس نے کرزئی حکومت سے بھاری گولہ بارود، جدید اسلحہ اور مزید نفری مانگ لی ہے۔ مشرقی صوبے ننگرہار کے سرحدی پولیس کے کمانڈر بخت جمال اسحاق زئی نے پاکستان کے خلاف ایک بار پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے پاکستانی چیک پوسٹوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ کمانڈر اسحاق زئی نے کہاکہ ان کی کمان میں دو سو پچاس افراد پر مشتمل فوجی دستے ہیں جو مارٹر گولوں اور مشین گنوں سے لیس ہیں تاہم ان کے مقابلے میں پاکستانی سرحدی پولیس کے پاس نہ صرف بھاری مقدار میں گولہ بارود، فوجی ٹینک سمیت جدید اسلحہ سے لیس ہزاروں فوجی دستے ہیں جن کا مقابلہ کرنا انتہائی مشکل ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم اپنے ملک کا دفاع کرینگے اور ”دشمن“ کی تنصیبات کو تباہ کر دینگے۔