کراچی: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان کی چودہ مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔جہاں سابق صوبائی وزیر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت ڈائریکٹر نیب سکھر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ منظور وسان کے خلاف بے نامی جائیداد یں ہیں۔ لہذا ان کے خلاف انکوائری مکمل کرنے کیلئے مہلت دی جائے کیونکہ نیب قوانین میں ترمیم کے باعث منظور وسان کو کچھ ریلیف ملے گا۔جس پرعدالت نے منظور وسان کی ضمانت قبل ازوقت گرفتاری میں چودہ مئی تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو انکوائری مکمل کرنے کیلئے آٹھ ہفتوں کی مہلت دے دی۔ اس موقع پر اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا،وہ بھی مرا ہوا۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024