سرکلر ڈیبٹ پر قابو نہ پایا تو بھیانک نتائج برآمد ہوں گے : لاہور چیمبر
لاہور(نیورپورٹر)لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے ریکارڈ توڑ سرکلر ڈیبٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات نہ اٹھائے گئے تو آنے والے دنوں میں اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ایک حالیہ رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کا سرکلر ڈیبٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور پاورسیکٹر کے لیے بہت بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکلر ڈیبٹ کو ابتدائی سٹیج پر ہی کنٹرول کیوں نہیں کیا جاتا اور متعلقہ اتھارٹیز اس سلسلے میں کیا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری سرکلر ڈیبٹ کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوگی جس سے صنعت، تجارت، زراعت اور عوام سب ہی بْری طرح متاثر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے سرکلر ڈیبٹ پر قابو پانے کا آسان طریقہ یہ ڈھونڈ رکھا ہے کہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بھاری سسٹم لاسز کا بوجھ صارفین پر ڈالنے کی اجازت دے دی جاتی ہے جس سے صنعتی شعبے کو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اب اگر یہ طریقہ کار اپنایا گیا تو قابل قبول نہیں ہوگا۔