دوہری شہریت کیس: سپریم کورٹ کے حکم پر 5سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری حتمی فیصلہ 7رکنی لارجر بنچ کریگا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے)سپریم کورٹ نے الیکشن کمشن کو دوہری شہریت پر روکے جانے والے 5سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن عبوری طور پر جاری کرنے کا حکم دے دیاہے۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ دوہری شہریت سے متعلق حتمی فیصلہ لارجر بنچ کرے گا۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ یہ بہت پیچیدہ آئینی نقطہ ہے، اسکا حتمی فیصلہ لارجر بنچ کریگا. دوہری شہریت کے آئینی نقطے پر 7 رکنی لارجر بنچ قانونی نقطے دیکھے گا ،سپریم کورٹ نے عبوری فیصلے کی حد تک فیصلہ محفوظ کر لیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم صرف عبوری فیصلے کی حد تک فیصلہ دینگے، مسٹرجسٹس اعجاز الا احسن نے قانونی نقطہ اٹھایا کہ اگر ان سینٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دیں اور بعد میں یہ نااہل ٹھہرے تو پھر چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کا کیا بنے گا،نومنتخب سینٹر چودھری سرور نے عدالت میں بتایا کہ وہ 2013ء میں برطانوی شہریت چھوڑ چکے ہیں چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کے بیوی بچے برطانوی ہیں اور دولت بھی برطانیہ میں ہے آپ کہ پاکستان میں اسٹیک کیا ہیں. عدالت کو مطمئن کریں۔ ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ جو دوہری شہریت ترک کررہا ہے اسکی پاکستان سے وفاداری کتنی ہے،اور سیز پاکستانیوں کی ہمارے دل میں بہت عزت واحترام ہے، ہم قانونی لحاظ سے بات کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ سیاسی وقت پورا کرنے کے بعد دوبارہ شہریت کو بحال نہیں کرا لیں گے، لگتا ہے آپ نے گورنر بننے کے لئے عارضی طور پر برطانوی شہریت ترک کی، فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ آپ بیان حلفی دیں کہ اب کبھی بھی دوبارہ برطانوی شہریت بحال نہیں کروائیں گے، اگر آپ نے دوبارہ شہریت بحال کروائی تو نااہل ہو جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی نومنتخب سینیٹرز نزہت صادق، سعدیہ عباسی بھی موجود تھیں، عدالتی فیصلے کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔