پاکستان نے بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کئے جانے کے واقعات میں اضافہ پر بھارت کو احتجاجی مراسلے بھیج دیئے
نئی دہلی(نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کئے جانے کے واقعات میں اضافہ پر بھارت کو احتجاجی مراسلے بھیج دیئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ہائی کمشن کے عملے کو ہراساں کرنے پر احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔ بھارت کو احتجاجی مراسلے اور نئی دہلی میں ملاقاتیں کرکے آگاہ کیا گیا۔ پاکستان نے پیغام میں کہا خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا کسی صورت برداشت نہیں۔ بھارتی رویئے سے سفارتی عملے اور فیملی کا رہنا مشکل ہورہاہے۔ صورتحال یہی رہی تو سفارتی عملے کے اہل خانہ کو واپس بلانا پڑے گا۔ تین روز سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے افسروں اور اہلکاروں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ سفارتی عملے کی گاڑیاں روک کر نازیبا الفاظ استعمال کئے جارہے ہیں۔ چانکیہ پوری میں سینئر افسر کی گاڑی روک کر ہراساں کیا گیا۔ پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کے بچوں کو سکول جانے سے روکا گیا۔ پاکستانی ہائی کمشن میں آنے والے افراد کو بھی روکا جارہاہے۔ پاکستانی ہائی کمشن کی دو گاڑیوں کے ایکسیڈنٹ کئے گئے۔ گاڑیوں پر سکریچ ڈالنے اور گاڑیوں سے اتارنے کے واقعات بھی ہورہے ہیں۔ سفارتی اہلکاروں، عملے کی گاڑیوں کو روک کر گالیاں دینا معمول بن گیا ہے۔
بھارت/ مراسلہ