پاک بحریہ کا زمین سے مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ
لاہور(خبر نگار)پاکستان نیوی نے ساحلی علاقے میں کی جانے والی تربیتی مشق کے دوران سطح زمین سے فائر کیے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ میزائل نے مقررہ راستے سے گزرتے ہوئے سمندر میں موجود اپنے ہدف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا۔ وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت اور پاک بحریہ کے سینئر اس موقع پر موجود تھے۔ حاضرین سے خطاب میں مہمان خصوصی نے بحر ہند میں سکیورٹی کے تبدیل ہوتے ہوئے ماحول اور اس حوالے سے پاک بحریہ کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی ۔ پاکستان نیو ی علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے سمندری حدود میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔ وائس چیف آف نیول سٹا ف نے میزائل فائرنگ کے اس کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور جوانوں بالخصوص میزائل یونٹ کے عملے کی تعریف کی جن کی انتھک محنت اور عزم مصمم کی بدولت یہ تجربہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔علاوہ ازیں اطالوی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل والٹر جیرارڈلی نے گذشتہ دنوں پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ اسلام آباد میں اپنی مصروفیات کے دوران اطالوی نیول چیف نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔ دوسرے مرحلے میں ایڈمرل والٹر جیرارڈلی کراچی میں پاک بحریہ کی مختلف فیڈ کمانڈز سے ملے۔ معزز مہمان نے کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس اور کمانڈر پاکستا ن فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اطالوی نیول چیف نے کثیرالقومی بحری اتحاد اور بحری قذاقی کے خلاف ٹاسک فورس میں مسلسل شمولیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار اور عزم و حوصلے کی تعریف کی۔ کراچی میں قیام کے دوران ایڈمرل جیرارڈلی نے مزار قائد کا دورہ کیا اور مزار پر پھول بھی چڑھائے ۔ علاوہ ازیں معزز مہمان نے پاک بحریہ کے جہاز اور مختلف یونٹس کادورہ بھی کیا۔