کبوتر چوری کا الزام‘ پڑوسیوں نے محنت کش کو گھر بلا کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ کاہنہ کے علاقہ میں بااثر افراد نے کبوتر چوری کے الزام میں محنت کش کو مبینہ طورپر شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ہلوکی کے غریب مزدور جمیل مغل کے محلہ داروں بشیر گجر اور عدنان گجر کا ایک قیمتی کبوتر چوری ہو گیا تھا جس کا الزام انہوں نے جمیل پر لگا دیا۔ پولیس کو اسکی کوئی رپورٹ وغیرہ نہ دی بلکہ گزشتہ روز جمیل کو گھر میں شٹرنگ کرنے کے بہانے بلوایا اور رسیوں سے باندھ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ چاروں بھائی پوری رات جمیل پر تشدد کرتے رہے۔ بعدازاں زخمی حالت میں چھوڑ دیا۔