داعش آخری سانسیں لے رہی ہے، نادان ساتھی اس کا شکار ہوئے: امام کعبہ
اسلام آباد/ لاہور/ شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ + سٹاف رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی) امام کعبہ سعید الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ امت مسلمہ کا اتحاد صرف قرآن و سنت پر ہی ہوسکتا ہے۔ دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار سعودی عرب اور پاکستان ہوئے اور دہشت گردی ختم کرنے کی سب سے زیادہ کوششیں بھی سعودی عرب اور پاکستان نے کیں۔ داعش ہمارے دشمنوں نے بنائی، داعش کا شکار ہمارے نادان ساتھی بھی ہوئے۔ داعش اب آخری سانسیں لے رہی ہے۔ امت مسلمہ کا اتحاد صرف قرآن و سنت پر ہوسکتا ہے۔ ہر گروہ اگر نیا دین بنالے تو یہ ممکن نہیں کہ اتحاد ہوسکے۔ بین المذاہب مکالمے سے اسلام اور مغرب کے درمیان فاصلے ختم کئے جاسکتے ہیں۔ اسلامی ممالک کا اتحاد دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قائم کیا۔ اسلامی ممالک کے اتحاد میں پاکستان سب سے بڑا اتحادی ہے۔ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان کی فورسز نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے لئے قوت کا سبب ہے سعوی حکومت اور عوام ہمیشہ پاکستان پر فخر محسوس کر تی ہے موٹروے پولیس عظیم تر ین کام عوام کے سفری راستوں میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے اورہمارے لیے باعث فخر ہے۔ آپ کی اس نیکی کے بدلے اللہ آپ کی حفاظت کرے اور آسا نیاں پیدا کر ے۔ سعودی سفیر نواف بن سعدالمالک، وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکر یم، آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی خالد محمود، ایڈیشنل آئی جی غلام رسول زاہد، ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی احمد ارسلان ملک، ڈی آئی جی محبوب اسلم، ایس ایس پی کامران عادل، ایس ایس پی مسرور عالم، ایس ایس پی سیلمان، ایس ایس پی شہر یار، ایس ایس پی حشمت کمال بھی اس مو قع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی فورسز نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام کے لئے قوت کا باعث ہے۔ موٹروے پولیس بھی یہی کام کر تی ہے اور یہ ایک جہاد کی قسم ہے۔ امام کعبہ نے کہا کہ عراق‘ شام اور یمن میں مسلمانوں کا قتل عام کرنے والوں سے کیسے اتحاد ہوسکتا ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان نے کبھی کسی ملک میں مسلمانوں کے قتل کیلئے لوگ نہیں بھیجے۔ افسوس ایک ملک ایسا بھی ہے جو اپنا مسئلہ اور نظریہ دوسرے ملک پر مسلط کرنا چاہتا ہے۔ وضاحت کے ساتھ کہتا ہوں ایران کے ساتھ کوئی لڑائی جھگڑا نہیں،ہر حج کے موقع پر ایرانی حاجیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ایرانی حامی ہمارے لئے اور دیگر حامیوں کیلئے مسائل پیدا کرتے ہیں۔