افغانستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائی‘ 10 عسکریت پسند ہلاک‘ 13 زخمی‘ خودکش جیکٹس‘ اسلحہ برآمد
کابل(آئی این پی) افغان سیکورٹی فورسز کی جنوبی صوبہ ہلمند میں کارروائی کے نتیجے میں 10مشتبہ عسکریت پسند ہلاک اور 13زخمی ہوگئے جبکہ 8کو گرفتار کرلیا گیا ،کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خودکش جیکٹس اور کار بم سمیت اسلحہ اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی نے ایک بیان میں بتایا یہ کارروائی مرکزی شہر لشکر گاہ کے علاقے خوشکبا میں کی گئی جس میں 8دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔بیان کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خودکش جیکٹس اور کار بم سمیت اسلحہ اور بارودی مواد بھی قبضے میں لیا۔افغان سکیورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبے پکتیکا سے بھی بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا بتایا ہے لیکن اس کی مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔دریں اثنا جمعہ کو کابل میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ شدت پسند تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔