بھارتی فلم ”ریڈ“ کی پاکستان میں نمائش کے حقوق ڈسٹری بیوشن کلب نے حاصل کر لئے
لاہور(کلچرل رپورٹر)بھارتی فلم ” ریڈ“ کی پاکستان میں نمائش کے حقوق ڈسٹری بیوشن کلب نے حاصل کر لئے ۔فلم میں لیجنڈگلوکاراستاد نصرت فتح علی خان مرحوم کا شہرہ آفاق گیت ” سانوں اک پل چین نہ آوے“ کا ری میک بھی شامل ہے ۔
بالی وڈ کی باصلاحیت فنکار جوڑی اجے دیوگن اورالینانا ڈی کروزکی نئی فلم ” ریڈ“ سولہ مارچ کو بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ پاکستانی سنیماﺅں کی زینت بنے گی۔ فلم کو پاکستانی سرکٹ میں ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے ریلیز کیلئے پیش کیا جارہا ہے ۔ راج کمار گپتا کی زیر ہدایت بنی اس ایکشن سسپنس تھرلر فلم میں اجے دیوگن انکم ٹیکس آفیسر کا کردار ادا کیا ہے جوٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار سے دولت لوٹنے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف برسرپیکار رہتا ہے ۔ فلم میں الیانا ڈی کروز نے اجے دیوگن کی بیوی جبکہ نیشنل ایوارڈ یافتہ فنکار سورب شکلا نے ولن کا کردار ادا کیا ہے ۔ پاکستانی لیجنڈگلوکار استاد نصرت فتح علی خان مرحوم کا شہرہ آفاق گیت ” سانوں اک پل چین نہ آوے“ کا ری میک فلم کی ہائی لائٹ ہے جسے انکے بھتیجے راحت فتح علی خان کی آواز میں ریکارڈ کرکے فلم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ فلم کی تشہیری مہم زوروشور سے جاری ہے جبکہ آئندہ ہفتے لاہور میں اسکے” پریویو شو “کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔