پی ایس ایل کے دو میچوں کے لیے شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم لانے کے لیے آپریشن میں 36 چھوٹی اور 40 بڑی سپیڈو بسیں اور 40 کوسٹرز حصہ لیں گی
لاہور(نمائندہ سپورٹس +خبر نگار)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ لاہور میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل کے دو میچوں کے لیے حفاظتی اور ہنگامی امدادی انتظامات کی منصوبہ بندی کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچوں کے دنوں میں سٹیڈیم کے 3کلومیٹر دائرے میں سکولوں میں 12 بجے دوپہر چھٹی اور دن 2بجے کے بعد بعض سٹیشن پر میٹروبس کے تعطل کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ مگر ان کے بارے میں حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی کا اختیار ہے جو اگلے ہفتہ میں روزانہ کی بنیاد پر انتظامات کے جائزہ کے لیے دورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امدادی انتظامات میں ایک کارڈیک موبائل، 20 ایمبولنسیں، 18 ریسکیو موٹر بائیکس، 20 ریسکیو پوسٹس، ہاکی سٹیڈیم اور ٹیموں کے ٹھہرنے کے ہوٹل میں دو عارضی مگر ایس او پی کے مطابق ہسپتال شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول اور انتظامی معاملات کے حوالے سے تمام محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پارکنگ ایریاز سے شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم لانے کے لیے آپریشن میں 36 چھوٹی اور 40 بڑی سپیڈو بسیں اور 40 کوسٹرز حصہ لیں گی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار محکمہ داخلہ کی قائم کردہ دو کمیٹیوں بابت پی ایس ایل سیمی فائنل میچوں کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید، ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی بلال ایم سید، سی ٹی او رائے اعجاز، ڈی جی پروٹوکول نور الحسن، کرنل (ر) اشفاق پی سی بی سمیت اے ڈی سی لاہور، اے سی ماڈل ٹا¶ن، شالیمار، سٹی اور ایل ٹی سی، لیسکو، سوئی گیس، پی ایچ اے، واسا، سپورٹس، شہری دفاع کے افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ حفاظتی و امدادی انتظامات کے سلسلے میں 4 نقل مشقیں ائرپورٹ، ہوٹل تا قذافی سٹیڈیم کی جائیں گی اور میچوں کے دوران قذافی سٹیڈیم کے اطراف اور اردگرد کی سڑکوں کی تزئین اور ان کو روشنیوں سے بھی آراستہ کیا جائے گا۔