سیدنا ابوبکر صدیق ؓ نے خدمت اسلام کا حق کردیا : میاں جمیل
لاہور (خبر نگار) سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے خدمت اسلام اور حفاظت دین کا حق ادا کردیا ، کارناموں کو تاریخ عالم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان خیالات کااظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں جمیل نے کیا ، انہوں نے کہا کہ سیدنا ابو بکر صدیق مردوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والے ہیں۔ جانشین مصطفیؐ یار غار اور مسلمانوں کے سب سے پہلے متفقہ خلیفہ ہونے سمیت کئی اعزازات سے نوازے گئے ۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ اسلام کے لئے سب کچھ وقف کردیا، جان ، مال، عزت ، آبرو، اولاد، ماں باپ، غرض دنیا و مافیھا مںی سب سے بڑھ کر اللہ اور رسول کریمؐ کی محبت کو اپنایا اطاعت الہی اور اطاعت مصطفی ؐمیں سب کچھ قربان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیقؓ نے مختصر مدت خلافت میں سنہری کارنامے انجام دئیے ۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے حضور نبی کریمؐ کے بعد اٹھنے والے فتنوں کا قلع قمع کیا۔ منکرین زکوۃ اور مسلمہ کذاب، اسودعنسی سمیت ہر قسم کے فتنے کی سرکوبی کی۔ سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے لشکر اسامہ کو روانہ کرکے کفار پر اسلام کے رعب اور لشکر اسلام کے خوف کی دھاک بٹھائے رکھی۔ آپؓ نے خلیفہ اول کی حیثیت سے دنیا کی سب سے پہل فلاحی ریاست کے استحکام کے لئے دن رات کام کیا۔