پیرس: پی آئی اے فلائٹ اسٹیورڈ سے 4 کلو ہیروئن برآمد، گرفتار کر لیا گیا
پیرس (آن لائن) پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز کی پرواز پی کے 749 کے فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزار کو پیرس میں منشیات برآمد ہونے پر فرانسیسی حکام نے حراست میں لے لیا۔ ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق 'فلائٹ سٹیورڈ سے کتنی منشیات برآمد ہوئی، اس حوالے سے فرانسیسی حکام نے نہیں بتایا اب دیکھنا یہ ہے کہ فضائی میزبان کو فرانس میں سزا ہوتی ہے یا اسے ڈی پورٹ کیا جاتا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا 'قومی ایئرلائن نے تنویر گلزار کو معطل کر دیا ہے اور الزامات ثابت ہو گئے تو اسے نوکری سے بھی برخاست کر دیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی کرینگے۔ ترجمان نے کہا کہ 'سکیورٹی چیکنگ پی آئی اے کی ذمہ داری نہیں ہوتی۔ ان کا مزید کہنا تھا 'یہ ایک سوالیہ نشان ہے کہ سکیورٹی مراحل سے گزار کر منشیات کو طیارے میں کیسے پہنچایا گیا۔ گذشتہ برس 15 مئی کو بھی لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر پی آئی اے کی اسلام آباد سے آنے والی پرواز پی کے 785 سے ہیروئین برآمد ہوئی تھی۔بعدازاں اسی مہینے پی آئی اے کی اسلام آباد سے لندن جانے والی ایک پرواز سے 20 کلوگرام ہیروئین برآمد ہوئی، جس پر کیٹرنگ عملے کے 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
پرواز/ منشیات