کرا چی شہر موجودہ حالت میں رہنے کے قابل نہیں ،فروغ نسیم
کراچی(کامرس رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ بہادرآباد کے نومنتخب سینیٹربیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہو یا صوبائی، کراچی کسی کی ترجیحات میں شامل نہیں،کراچی کی موجودہ حالت میں شہر رہنے کے قابل نہیں ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کو فیڈریشن ہائوس میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران اور ممبران سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر فیڈریشن کے سینئرنائب صدر مظہراے ناصر،نائب صدور زاہد سعید،طارق حلیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق صدر تنویراحمدشیخ،سابق سینئرنائب صدرخالد تواب،سابق نائب صدور حنیف گوہر،شکیل احمدڈھینگڑا،بیگم سلمیٰ احمد،سلطان شمسی،پرویزطفیل،عبدالسمیع خان،سعیدہ ملک،اصغرموراوالا اور دیگر بھی موجود تھے۔سینیٹربیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ جو خود کرپشن کرتا ہے وہ کرپشن کے خلاف کیوں کارروائی کرے گا،کراچی کو چلانے کے لئے کراچی کے ہی لوگوں کو آگے آنا چاہئیے،کراچی کے اندر کراچی کے لوگوں کی ہی حکومت اور اونرشپ ہونی چاہئیے،ایم کیو ایم کے آئین دیکھیں کہ کون غلطی پر ہے،اگر آئین میں فاروق بھائی کو الیکشن کرانے کی اجازت ہے تو انکی بات مان لی جائیگی لیکن متحدہ کے آئین میں اسکی اجازت نہیں۔سینیٹرفروغ نسیم نے مزید کہا کہ اگر ادارے آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام نہیں کریں گے ،قانون کے مطابق اس صورت میں سپریم کورٹ کو مداخلت کرنے کا پورا حق ہے،ایم کیو ایم کے دو دھڑے نہیں ہیں،متحدہ آئین کے مطابق ایم کیوایم وہ ہے جس کا آفس بہادرآباد ہے،آئینی ایم کیو ایم کا آفس وہ ہے جس کی منظوری رابطہ کمیٹی نے دی۔اس موقع پررکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم ضرور ایک ہو سکتی ہے لیکن ہم تشدد اور انتشار کی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے،ایم کیو ایم کا حصہ جس نے بننا ہے بنے جس نے نہیں بننا نہ بنے ۔انہوں نے کہا کہ زکوہ اور فطرے کے نام پر زیادتی ہوئی جس پر ہم شرمندہ ہیں،ایم کیو ایم شہر میں انتشار کی وجہ رہی ہے مگر دوسرے عوامل بھی کارفرما تھے،یہاں کا ناظم دو اسٹرک رکشوں پر پابندی کی بات کرتا ہے تو رکشے والے شہر بند کر دیتے ہیں، کراچی واحد ایسا شہر ہے جس میں حکمران جماعت کی حکومت نہیں ہے،اسی وجہ سے اس شہر کو نظر انداز کیا جاتا ہے سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی مظہر اے ناصر نے فروغ نسیم کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی ایم کیو ایم کے اندرونی انتشار کی وجہ سے تشویش کا شکارہے ،بزنس کمیونٹی جاننا چاہتی ہے کہ ایم کیو ایم کی کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے کیا پایسی ہے؟،ہم امید کرتے ہیں کہ کراچی کے مسائل پر سینٹ میں آواز اٹھائیں گے۔
فروغ نسیم