عوام ڈولفن کے نشان پر مہر لگا کر حقوق حا صل کر سکتے ہیں ، مصطفی کمال
کراچی (خصوصی رپو رٹر) پاک سر زمین پارٹی کے انتخابی نشان ڈولفن پر مہر لگا کر ہی کراچی کے لوگ بلا رنگ و نسل تفریق کے اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔ آج عوام بھی سوال پوچھ رہی ہے کہ کیا ایک جماعت کی سربراہی کے لئے لڑنے والے کبھی اس طرح شہر کے لوگوں کے اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور پانی کے حصول کے لیئے لڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے انتخابی مہم کے سلسلے میں این اے 243، مدینہ بلیسنگ، گلستان جوہر میں منعقدہ پروقار تقریب میں شرکت کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے جو بات پہلے دن کی تھی اس پر آج بھی قائم ہیں یہی ہمارے کردار کی طاقت ہے جو ہمیں اوروں سے منفرد بناتی ہے۔ کراچی والوں کے پاس اپنی آئندہ نسل کے بہتر مستقبل کے لیے پی ایس پی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کی قیادت ایسے تجربہ کار لوگوں پر مشتمل ہے جو عوام کے مسائل بھی جانتے ہیں اور ان کا حل بھی۔ عوام نے دیکھ لیا کہ شہر کے مینڈیٹ کا سودا یہاں کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے سینیٹ کے انتخابات میں کس طرح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے دور میں سڑکیں، انڈر پاس، انفرااسٹرکچر اور ہسپتال نہ بنائے گئے ہوتے تو آج اس شہر کا کوئی پرسان حال نہ ہوتا۔ اس شہر کو اس کے چوکیداروں نے لوٹا ہے عوام کس سے شکوہ کریں۔
مصطفی کما ل