سینیٹ کا اجلاس پیر کی صبح10 بجے طلب کر لیا گیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/ نمائندہ نوائے وقت) سینیٹ کا اجلاس پیر کی صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ پیر کو نومنتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے مناصب پر انتخاب ہو گا۔ دونوں عہدوں پر الگ الگ انتخاب ہو گا۔ چیئرمین کے لئے انتخاب شام 4 بجے ہو گا۔الیکشن نے چار نومنتخب سینیٹرز چوہدری سرور، ہارون اختر، سعدیہ عباسی اور نزہت صادق کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ نے دوہری شہریت از خود نوٹس کیس میں الیکشن کمیشن کو چاروں سینیٹرز کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا، چاروں سینیٹرز اب چیئرمین سینیٹ کے چنائو کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے، دوہری شہریت سے متعلق حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کا 7رکنی لارجر بینچ کرے گا جس میں دوہری شہریت سے متعلق قانون کا تفصیلی جائزہ لے گا۔الیکشن کمیشن نے ایک اور نومنتخب سینیٹر ’’ کودا بابر‘‘ کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے ۔سپریم کورٹ میں دہری شہریت کیس کی سماعت کے دوران ان کا نوٹیفیکیشن روکنے کا حکم نہیں دیا گیا تھا کیونکہ عدالت کو الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ دہری شہریت میں ملوث 6 افراد نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لیا تھا جس میں دو منتخب نہیں ہوئے ۔بعدازاں دوبارہ گنتی اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے آزاد امیدوار کو دا بابر کو کامیاب قرار دیا ، بلوچستان کے ایک سینیٹرکی وفات پر سیٹ خالی ہوگئی تھی ،کودابابر نے جنرل سینیٹ سیٹ بلوچستان پر الیکشن لڑا تھا ، دہری شہریت کی بنیاد پر ان کا بھی نوٹیفیکیشن روکا ہوا تھا ، سپریم کورٹ کا عبوری حکم آنے پر کودا بابر کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔اب نومنتخب سینیٹرکودا بابر سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کی ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔
سینیٹ اجلاس